تلنگانہ کی خبریں

سپریم کورٹ کا تلنگانہ حکومت کو نوٹس: "طلبہ کو ڈومیسائل فوائد سے محروم نہ کریں”

سپریم کورٹ کی تلنگانہ کو تنبیہ: "ڈومیسائل پالیسی سے طلبہ کے حقوق متاثر نہ ہوں"

نئی دہلی، 23 جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)سپریم کورٹ نے تلنگانہ حکومت کے متنازع ڈومیسائل قانون پر سخت سوالات اٹھاتے ہوئے بدھ کو ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کیا۔ عدالت نے واضح کیا کہ وہ طلبہ، جن کے والدین تلنگانہ میں رہائش پذیر ہیں، انہیں صرف اس بنیاد پر ریاستی کوٹہ سے محروم نہیں کیا جا سکتا کہ انہوں نے اپنی تعلیم ریاست سے باہر حاصل کی ہے۔

چیف جسٹس بی آر گاوائی کی قیادت میں بنچ نے کہا،

"بہت سے طلبہ اعلیٰ تعلیم کے لیے دوسرے شہروں کا رخ کرتے ہیں۔ کیا اس کا یہ مطلب ہے کہ وہ ریاستی کوٹہ سے محروم کر دیے جائیں؟ ہم نہیں چاہتے کہ ایسے طلبہ کو غیر ضروری طور پر ہراساں کیا جائے۔”

عدالت نے یہ بھی استفسار کیا کہ ان افراد کا کیا ہوگا جو ریاست کی تقسیم کے بعد ملازمت کی خاطر آندھرا پردیش منتقل ہو گئے لیکن ان کا تعلق تلنگانہ سے ہے؟ چیف جسٹس نے تلنگانہ حکومت کو سختی سے کہا کہ یا تو وہ اس مسئلے کا مناسب حل نکالے، ورنہ عدالت خود حکم جاری کرے گی۔

واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت نے 2017 کے ڈومیسائل قوانین میں 2024 کے دوران ترمیم کرتے ہوئے یہ شرط شامل کی تھی کہ صرف وہی طلبہ جو مسلسل چار سال تلنگانہ میں 12ویں جماعت تک تعلیم حاصل کر چکے ہوں، وہی ریاستی کوٹہ کے تحت میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے اہل ہوں گے۔

اس قانون کو چیلنج کرنے والی عرضیوں پر سپریم کورٹ نے ریاستی حکومت سے وضاحت طلب کی ہے۔ عدالت نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ریاست کو ڈومیسائل کی بنیاد پر قواعد مرتب کرنے کا حق حاصل ہے، تاہم اس معاملے کی گہرائی سے سماعت کی ضرورت ہے۔ کیس کی اگلی سماعت 5 اگست کو مقرر ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل تلنگانہ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ مستقل رہائشی طلبہ کو صرف ریاست سے باہر تعلیم حاصل کرنے کی بنیاد پر داخلے سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے فیصلے پر فی الحال روک لگا دی ہے اور موجودہ تعلیمی سیشن کے لیے قانون پر عملدرآمد روکنے پر غور کر رہی ہے۔

غور طلب ہے کہ مہاراشٹرا میں بھی اسی نوعیت کے قوانین میں تبدیلی کرتے ہوئے والدین کی رہائش کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کا بنیاد قرار دیا گیا تھا، جو کہ اس کیس میں ایک ممکنہ نظیر ثابت ہو سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button