حیدرآباد ،23؍مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) تلنگانہ میں بدھ کو آگ لگنے کا ایک بڑا واقعہ سامنے آیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ سکندرآباد علاقہ میں لکڑی کے گودام میں آگ لگنے سے 11 لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔ وہاں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔ اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد چاروں طرف خوف و ہراس کا ماحول ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈیئر کی گاڑیاں موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ تمام 11 مرنے والے بہار کے رہنے والے تھے۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا۔ تمام کارکن پہلی منزل پر سو رہے تھے۔
مقامی انتظامیہ جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ ان کی نعشیں لواحقین کے حوالے کی جا سکیں۔ انتظامیہ واقعے کی وجوہات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔ نیزوزیر اعلیٰ نے اس حادثے میں مزدوروں کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ نیز اس حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین کو چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے 2 لاکھ روپئے دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔



