مکمل نصاب کا احاطہ، مجموعی طور پر 600 نشانات
حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) ایس ایس سی سرکاری امتحانات 2023 ء میں صرف 6 امتحانی پرچہ جات رہیں گے ۔ ریاستی حکومت نے تعلیمی سال 2022-23 ء میں ایس ایس سی امتحانات کے پرچہ جات کی تعداد کو 11 سے گھٹاکر 6 کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ دو برسوں میں کورونا وباء کے پیش نظر حکومت نے ایس ایس سی امتحانات میں پرچوں کی تعداد کو گھٹاکر 6 کردیا تھا۔ تعلیمی سال 2020-21 ء میں پرچہ جات کی تعداد کم کرنے کے باوجود وباء کے باعث تمام امتحانات منعقد نہیں کئے جاسکے۔ امتحانات میں شرکت کیلئے فارم داخل کرنے والے تمام امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا تھا اور انٹرنل اسسٹمنٹ کی بنیاد پر گریڈ الاٹ کیا گیا ۔ تعلیم سال 2021-22 ء کے دوران ایس ایس سی کے تحت 6 پرچہ جات منعقد کئے گئے اور نتیجہ کا اعلان کیا گیا ۔
جاریہ تعلیمی سال بھی حکومت نے پرچہ جات کی تعداد کو 6 برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عہدیداروں کے مطابق 6 امتحانات کے تحت صد فیصد نصاب کا احاطہ کیا جائے گا۔ جن 6 امتحانی پرچہ جات کا انعقاد عمل میں آئے گا ، ان میں فرسٹ لینگویج (تلگو ، ہندی اور اردو) ، سکنڈ لینگویج (تلگو ، ہندی اور اردو) ، تھرڈ لینگویج (انگلش) ، میاتھس ، سائنس اور سوشیل اسٹڈیز شامل ہیں۔ تمام پرچہ جات کے 100 نشانات میں 80 نشانات تھیوری اور 20 نشانات انٹرنلس کے رہیں گے۔ مجموعی طور پر 600 نشانات میں سے امیدواروں کو مارکس الاٹ کئے جائیں گے۔



