
ٹیچرس کی 23 ہزار جائیدادیں مخلوعہ-13 ہزار کا پہلے ہی اعلان ، تبادلوں سے مزید 10 ہزار مخلوعہ ہوں گی
ویب کونسلنگ کے دوران سافٹ ویر میں کوئی تکنیکی خرابی پیدا نہ ہو، وزیر تعلیم کا جائزہ اجلاس
حیدراباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)ریاست کے محکمہ تعلیم میں بڑے پیمانے پر سرگرمیاں شروع ہوگئی ہیں ۔ کافی عرصہ کے بعد ٹیچرس کے تبادلوں اور ترقیوں کا مسئلہ منظر عام پر آیا ہے ۔ جس کے بعد ٹیچرس اور عہدیداروں میں جوش و خروش نظر آرہا ہے ۔ اسی پس منظر میں بی ایڈ ۔ ڈی ایڈ کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ملازمتوں کا انتظار کرنے والے امیدواروں میں بھی جوش و خروش دیکھا جارہا ہے ۔ اس مرتبہ بڑے پیمانے پر ٹیچرس کے تقررات ہونے کے قوی امکانات ہیں ۔ حکومت کی جانب سے تبادلے ، ترقیوں اور ریشنالائزیشن کا عمل مکمل کرنے پر بھاری تعداد میں مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی ہونے کے امکانات ہیں ۔ تقریباً 23 ہزار ٹیچرس جائیدادوں پر تقررات کرنے کے امکانات پیدا ہوئے ہیں ۔ تاحال حکومت نے مختلف محکمہ جات کے علاوہ ٹیچرس کے مخلوعہ جائیدادوں کا اعلان کیا ہے ۔ ایس جی ٹی ۔ اسکول اسسٹنٹ کی 13 ہزار مخلوعہ جائیدادوں ہونے کی تصدیق کی گئی ہے ۔ریاستی وزراء سبیتا اندرا ریڈی اور ہریش راؤ نے ٹیچرس تنظیموں کے نمائندوں کا اجلاس طلب کیا ہے ۔
جس میں ٹیچرس کے تبادلوں اور ترقیات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔ عام تبادلوں پر موجود امتناع کو برخواست کرنے کیلئے اندرون دو یا تین یوم جی او جاری کرنے کا وزراء نے ٹیچرس تنظیموں کے نمائندوں کو تیقن دیا ہے ۔ ڈائرکٹر محکمہ تعلیم کی جانب سے تبادلوں کا جی او جاری کیا جائے گا ۔ محکمہ تعلیم نے اندازہ لگایا ہے کہ تبادلوں کے بعد مزید 10 ہزار جائیدادیں مخلوعہ ہوں گی ۔ جس میں 9000 سیکنڈری گریڈ ٹیچر (ایس جی ٹی) جائیدادیں اور 1000 تک اسکول اسسٹنٹ (ایس اے) جائیدادیں شامل ہونے کے امکانات ہیں ابھی تک اعلان کردہ 13 ہزار مخلوعہ جائیدادیں کو ملاکر جملہ 23 ہزار مخلوعہ جائیدادیں ہورہی ہیں ان پر ڈی ایس سی کے ذریعہ بھرتی کی جائے گی ۔ تبادلوں اور ترقیوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد ڈی ایس سی کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کے امکانات ہیں ۔ اس کے علاوہ 475 ایم ای اوز جائیدادیں مخلوعہ ہیں ۔
ڈائیٹ لکچررس ، بی ایڈ کالجس لکچررس ، ڈپٹی ڈی ای اوز کی مزید 2 ہزار مخلوعہ جائیدادیں ہیں ۔ اس طرح 25 ہزار جائیدادوں پر تقررات ہونے کے امکانات ہیں ۔ ریاست میں 4.5 سال بعد ریاست میں ٹیچرس کے تبادلوں کا عمل شروع ہورہا ہے ۔ 2018 جولائی میں حکومت نے ٹیچرس کے تبادلے کیلئے تھے ۔ تبادلوں کیلئے محکمہ تعلیم میں 90 ہزار ٹیچرس اہل ہیں۔ جس کیلئے رہنمایانہ خطوط حکومت بہت جلد جاری کرے گی ۔ قواعد کے مطابق دو سال سرویس مکمل کرنے والے تبادلوں کیلئے درخواستیں داخل کرسکتے ہیں ۔ فی الحال ریاست میں 1,03,000 ٹیچرس ہیں ۔ ان میں 2 سال کی خدمات مکمل کرنے والے 90 ہزار ٹیچرس ہیں ۔ ٹیچرس ایک ہی مقام پر 8 سال سے زیادہ اور پرنسپلس 5 سال سے زیادہ کام نہیں کرسکتے ہیں ۔ قواعد کے مطابق ٹیچرس ، پرائمری اسکولس کے ہیڈ ماسٹرس اور گزیٹیڈ ہیڈ ماسٹرس جملہ 45 ہزار سے زیادہ تبادلوں کے اہل ہیں ۔
ویب کونسلنگ کے دوران سافٹ ویر میں کوئی تکنیکی خرابی پیدا نہ ہو، وزیر تعلیم کا جائزہ اجلاس
وزیر تعلیم نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا اور ٹیچرس کے تبادلوں اور ترقیوں کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔ سبیتا اندرا ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ترقیوں اور تبادلوں کے عمل کو مکمل شفاف اور جوابدہی کے ساتھ غلطیوں سے پاک بنائیں اور اس عمل کیلئے رہنمایانہ خطوط اور شیڈول کی تیاری پر خصوصی توجہ دیں۔ ترقیوں اور تبادلوں کے عمل کو قانونی مسائل سے بچانے کیلئے مناسب احتیاطی اقدامات کو قطعیت دی جائے۔ طویل عرصہ سے ٹیچرس ترقی اور تبادلوں کا انتظار کررہے ہیں حکومت نے اس کی منظوری دے دی ہے۔ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیدار چوکنا رہیں اور اسے بغیر کسی رکاوٹ کے آسانی سے مکمل کیا جائے۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ ویب کونسلنگ کے ذریعہ ٹیچرس کے تبادلوں کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس لئے عہدیداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے مقصد کیلئے استعمال کئے جانے والے سافٹ ویر میں کوئی تکنیکی خرابی پیدا نہ ہو اس کا خاص خیال رکھا جائے۔ ترقیوں اور تبادلوں میں کسی ایک ٹیچر کے ساتھ بھی ناانصافی نہ ہونے پائے اور اس عمل کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جائے۔ تبادلوں کے عمل میں اہم کردار ادا کرنے کیلئے مختلف سطحوں پر عہدیداروں کی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ اس عمل کو آسانی سے پورا کرنے کیلئے ریاستی سطح کے عہدیداروں کو مختلف اضلاع کے سوپر وائزرس کے طور پر تعینات کیا جائے۔



