تلنگانہ کی خبریں

تلنگانہ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے پانچ ہزار اقلیتی نوجوانوں کو بینک سے مربوط قرضوں کی فراہمی

ریاستی حکومت تلنگانہ کے محکمہ اقلیتی بہبود نے اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی قیام تلنگانہ کے بعد سے اب تک رکی ہوئی اسکیم کو بحال کرنے کی اجازت دے دی ہے ۔

Telangana State Minority Finance Corporation حیدرآباد۔13۔ڈسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) تلنگانہ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن TSMFC  کی جانب سے ریاست بھر میں 5000 اقلیتی نوجوانوں کو بینک سے مربوط قرض اسکیم کے قرض جاری کئے جائیں گے۔ ریاستی حکومت تلنگانہ کے محکمہ اقلیتی بہبود نے اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی قیام تلنگانہ کے بعد سے اب تک رکی ہوئی اسکیم کو بحال کرنے کی اجازت دے دی ہے ۔ صدرنشین تلنگانہ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن جناب اسحاق امتیاز نے بینک سے مربوط قرض کی اجرائی کی اسکیم کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کو منظوری دیئے جانے پر چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کے محکمہ اقلیتی بہبود نے اس اسکیم کے احیاء کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط کو منظوری دے دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اقلیتی نوجوانوں کی معاشی ترقی اور انہیں تجارت کے لئے قرض کی فراہمی کے سلسلہ میں دو مختلف زمروں میں رقومات کی اجرائی کو منظوری دیئے جانے کے متعلق کہا کہ ریاستی حکومت نے 5000 نوجوانوں کو 50کروڑ روپئے کی مدد سے سبسیڈی کی فراہمی کے اقدامات کی راہیں ہموار کی ہیں۔جناب اسحق امتیاز نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اسکیم کو منظوری دیئے جانے کے بعد از سر نو درخواستوں کی وصولی کے سلسلہ میں اقدامات کرتے ہوئے جلد تواریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کے تمام 33 اضلاع کے نوجوانوں کو درخواست کے ادخال اور اسکیم کے قد و خال کے متعلق واقف کروایا جائے گا۔ صدرنشین تلنگانہ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نے بتایا کہ ریاست میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے لئے بینک سے مربوط قرضہ جات کے علاوہ دیگر اسکیمات کے سلسلہ میں بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق بینک سے مربوط قرض کی اسکیم کے لئے آئندہ ہفتہ درخواستوں کی وصولی کا عمل شروع کیا جائے گا اور اس مرتبہ وصول کی جانے والی درخواستوں کی اندرون 2ماہ یکسوئی کے اقدامات کئے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button