تلنگانہ میں صحافیوں کے لیے اکریڈیٹیشن کارڈ جاری کرنے کا اعلان
تلنگانہ میں صحافیوں کے اکریڈیٹیشن کارڈ کے لیے آن لائن درخواست
حیدرآباد 18 فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)ریاست تلنگانہ کے تمام اہل صحافیوں کو جی او ایم ایس نمبر 252 کے تحت اکریڈیٹیشن کارڈ جاری کیے جائیں گے۔ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی اسپیشل کمشنر سی ایچ پریانکا نے ایک اعلامیہ میں یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر کے پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل، فری لانس اور سینئر صحافیوں کے لیے اکریڈیٹیشن حاصل کرنے کی غرض سے محکمہ کی جانب سے ایک خصوصی ویب سائٹ تیار کی گئی ہے۔
انہوں نے صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ ipr.telangana.gov.in ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن درخواست داخل کریں۔ اعلامیہ کے مطابق اس ماہ کی 9 تاریخ سے آن لائن درخواستیں قبول کی جا رہی ہیں۔ اکریڈیٹیشن کے لیے درخواست دینے اور کارڈ جاری کرنے کا عمل مسلسل جاری رہے گا۔
کمشنر نے مزید بتایا کہ درخواست جمع کرانے کے دوران اگر کسی قسم کی تکنیکی دشواری پیش آئے تو محکمہ اطلاعات کے میڈیا ریلیشن شعبہ سے دفتر کے اوقات میں صبح ساڑھے دس بجے سے شام پانچ بجے کے درمیان فون نمبر 9154170881 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ صحافیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مکمل رہنمائی مہیا کی جائے گی۔



