کم از کم 4 دن کی توسیع ممکن ۔ حکومت کا مختلف امور پر غور
حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) تلنگانہ میں حکومت 8 تا 16 جنوری تعلیمی اداروں کو تعطیلات میں مزید توسیع پر غور کر رہی ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ حکومت محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد تعطیلات میں فی الحال مزید 4 یوم کے اضافہ کے احکام جاری کرسکتی ہے ۔ حکومت نے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے اقدامات میں سب سے پہلے تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور پہلے جائزہ اجلاس کے دوران ہی یہ احکامات جاری کئے جاچکے تھے لیکن اب ان تعطیلات کو 20جنوری تک توسیع دینے پر غور کیا جا رہاہے ۔
کہا جا رہاہے کہ دنیا کے مختلف ممالک بالخصوص امریکہ میں کورونا متاثرہ ہونے والوں میں بچوں کی تعداد میں اضافہ کا جائزہ لیتے ہوئے بچوں کیلئے اضافی احتیاطی تدابیر کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔ ملک کی دیگر ریاستوں بالخصوص دہلی ‘ مہاراشٹرا‘ بنگال ‘ ہریانہ ‘ گجرات کے علاوہ کئی ریاستوں میں وسط فروری تک تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا لیکن تلنگانہ میں تعلیمی ادارو ں کو بند کرنے کے ساتھ 15تا18 سال کے بچوں کی ٹیکہ اندازی اور کالجس کی بحالی کے اقدامات کو یقینی بنانے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ کی وجہ سے تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں اضافہ پر غور کیا جا رہاہے ۔



