تلنگانہ کی خبریں

کے سی آر حکومت مسلمانوں کو 31 ملازمتیں بھی دینے تیار نہیں۔ محض 23 کی خیرات

گروپ II کے اعلامیہ میں چار فیصد تحفظات کو 3 فیصد تک محدود کردیا گیا ۔ مسلم قائدین کی جھوٹی تسلیاں بے سود ثابت ہوئیں

حیدرآباد:(محمد مبشرالدین خرم)حکومت تلنگانہ یا تو ریاضی میں کمزور ہوچکی ہے یا مسلمانوں کو گمراہ کرکے انہیں محروم طبقات میں شامل کرنے کا مصمم ارادہ کرچکی ہے ! ۔ حکومت کی جانب سے جھوٹ پر جھوٹ اورگمراہ کن بیانات سے مسلمانوں کو رجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ ریاست میں عملی طور پر حکومت نے 4فیصد مسلم تحفظات میں 1فیصد کی کمی کرکے اسے 3 فیصد کردیا ہے لیکن حکومت میں شامل مسلم قائدین کی جانب سے حکومت کا دفاع کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا جاتا رہا ہے کہ حکومت نے ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے جبکہ اگر حکومت اور پبلک سروس کمیشن کی جانب سے جاری گروپ IIکے اعلامیہ کا باریکی سے مشاہدہ کیا جائے تو BC(E) تحفظات کو گھٹا کر 3 کردیا گیا اور سرکاری عہدیدارو ںکی جانب سے اس پر گمراہ کن دلائل پیش کرنے کے علاوہ اعلامیہ میں فیصد کے بجائے محفوظ ملازمتوں کے اعداد و شمار وہ بھی چیدہ چیدہ کرکے پیش کرکے امیدواروں کو بھی گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے 29ڈسمبر2022کو جاری اعلامیہ نمبر 28/2022 میں جملہ 783 جائیدادوں کی نشاندہی کرکے ان پر تقررات کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں لیکن ان 783 جائیدادوں میں جہاں 4 فیصد تحفظات کے اعتبار سے مسلمانوں کو 31 محفوظ ملازمتیں ملنی چاہئیں ان میں کمی کرکے 23 جائیدادوں کی بی

سی (ای) زمرہ کی جائیدادوں کی حیثیت سے نشاندہی کی گئی جو کہ 783جملہ جائیدادوں کا محض 3 فیصد ہوتا ہے۔ حکومت سے بڑے پیمانے پر جاری تقررا ت کے لئے اعلامیہ کی اجرائی کا باریکی سے جائزہ نہ لئے جانے کے سبب جو صورتحال پیدا ہورہی ہے وہ مجموعی طور پر مسلمانوں کیلئے نقصاندہ ثابت ہونے لگی ہے ۔تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کے اعلامیہ نمبر 28/2022 میں شامل جملہ 783 جائیدادوں میں اگر مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات کی فراہمی کے اقدامات کئے جاتے ہیں تو مسلمانو ںکو جملہ 31عہدوں پر ملازمت ملتی لیکن اس میں ایک فیصد کی کمی کے سبب 8 ملازمتوں میں کمی ہوئی ہے اور بی سی (ای) زمرہ میں محض 23 ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔ اعلامیہ کے صفحہ نمبر 15 تا28 ملازمتوں کی جو تفصیلات فراہم کی گئی ہیں ان کوANNEXURE-I میں شامل کرکے چیدہ چیدہ تفصیلات فراہم کی گئی ہیں میونسپل کمشنر گریڈ IIIکی جملہ 11 جائیدادوں میں بی سی (ای) کے لئے ایک بھی محفوظ نشست نہیں ہے جبکہ اسسٹنٹ کمرشیل ٹیکس آفیسر کی جملہ 59 جائیدادوں میں ایک بی سی (ای) خاتون کو محفوظ رکھا گیا ہے۔

نائب تحصیلدار کی 98 جائیدادوں میں بھی بی سی (ای) خاتون کے زمرہ ایک محفوظ نشست فراہم کی گئی ہے ۔سب رجسٹرار گریڈ II کی 14 جائیدادوں میں ایک بھی بی سی (ای) زمرہ کیلئے محفوظ جائیداد نہیں ہے ۔ اسسٹنٹ رجسٹرار کی جملہ 63 جائیدادوں میں 2 بی سی (ای) جائیدادیں برائے خواتین محفوظ ہیں۔ اسسٹنٹ لیبر آفیسر کی 9جائیدادوں میں کوئی بی سی (ای) زمرہ کی جائیداد محفوظ نہیں ہے جبکہ منڈل پنچایت آفیسر کی 126 جائیدادوں میں بی سی (ای) کی 5محفوظ جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں 2 خواتین اور 3عام زمرہ میں ہیں۔ سب انسپکٹر محکمہ آبکاری کی جملہ 97 جائیدادوں میں 3 بی سی (ای) کیلئے محفوظ جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی جن میں 1 جائیداد عام زمرہ ہے جبکہ 2خواتین کیلئے محفوظ ہیں۔

محکمہ دستکاری و پارچہ جات میں اسسٹنٹ ڈیولپمنٹ آفیسر کی جملہ 38جائیدادوں میں ایک بھی جائیداد بی سی (ای) کیلئے محفوظ نہیں ہے ۔ جی اے ڈی میں اسسٹنٹ سیکشن آفیسر کی 165 جائیدادوں میںبی سی(ای) کیلئے 7 نشستوں کو محفوظ رکھا گیا جن میں 2نشستیں خواتین کیلئے اور 5 عام زمرہ کی نشستیں ہیں۔اسمبلی میں جملہ 15 اسسٹنٹ سیکشن آفیسر کی جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی جن پر تقررات کئے جانے ہیں لیکن ان میں بھی کوئی بی سی(ای) محفوظ نشست نہیں ہے۔ اسسٹنٹ سیکشن آفیسر محکمہ فینانس میں 25 جائیدادوں میں 1بی سی (ای) جائیداد کو محفوظ زمرہ میں رکھاگیا ہے۔اسسٹنٹ سیکشن آفیسر محکمہ قانون میں 7 جائیدادو ںمیں ایک بھی بی سی(ای) زمرہ کیلئے محفوظ جائیداد موجود نہیں ہے ۔ الیکشن کمیشن میں 2 اسسٹنٹ سیکشن آفیسر کی جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں ایک جائیداد ایس سی خاتون کیلئے محفوظ ہے۔ضلع عہدیدار برائے بہبود اطفال کیلئے 11 جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی جن میں مسلمانوں کیلئے ایک بھی جائیداد محفوظ نہیں ہے۔بی سی ویلفیر میں جملہ 17 اسسٹنٹ بی سی ویلفیر عہدیدارو ںکی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ میں بی سی(ای ) کیلئے کوئی محفوظ نشست نہیں ہے۔

محکمہ قبائیلی بہبود میں 9 اسسٹنٹ ٹرائبل آفیسر کی جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی اور کوئی بی سی (ای) زمرہ کے لئے محفوظ نہیں ہے۔محکمہ سماجی بہبود میں 17 جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی اور ان میں ایک بھی ملازمت بی سی (ای) زمرہ کیلئے محفوظ نہیں ہے۔ ریاستی حکومت کے روسٹر کے اعتبارسے اگر مشاہدہ کیا جائے تو روسٹر پوائنٹ نمبر 19پر بی سی (ای) خاتون ‘ 44پر بی سی (ای) 69 پر بی سی (ای) کے علاوہ 94 پر بھی بی سی (ای) امیدوار کے لئے محفوظ نشست فراہم کی جانی چاہئے لیکن گروپ IIکے اعلامیہ میں گمراہ کن اعداد و شمار کے ساتھ مسلم تحفظات کو گھٹا کر 3 کردیا گیا ہے اور جملہ 783 جائیدادوں میں مسلمانوں کو محض23 جائیدادوں پر تحفظات حاصل ہوں گے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button