تلنگانہ کی خبریں

نیا سیکریٹریٹ دو سال میں تیار ‘ انیس الغرباء کی تعمیر پانچ سال غیر مکمل

سیکریٹریٹ کا جنوری میں افتتاح متوقع ۔ یتیم خانہ کی تعمیر کیلئے مزید چھ تا آٹھ ماہ کا وقت لگ سکتا ہے

حیدرآباد۔28 ۔نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے جون 2019میں شروع کی گئی سیکریٹریٹ کی عمارت کی تعمیر کا 18 جنوری کو افتتاح کرنے والے ہیں جس کی ریکارڈ مدت میں تعمیر مکمل کی جاچکی ہے۔ریاستی سیکریٹریٹ کی نئی عمارت کے لئے حکومت نے 650کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے اس 7منزلہ عمارت کی تعمیر مکمل کرلی ہے لیکن تلنگانہ میں یتیموں کے لئے شائد حکومت یا منتخبہ عوامی نمائندوں کے پاس کوئی وقت نہیں ہے اسی لئے اب یہ سوال کیا جا رہاہے کہ آیا’ ریاست میں یتیموں کیلئے اٹھنے والی کوئی آواز بھی ہے! ‘یتیموں اور غریبوں کیلئے زیر تعمیر انیس الغرباء دارالیتامہ کی تعمیر نو کا سنگ بنیاد چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے 17جون 2017 کو رکھا تھا ۔

اس عمارت کو 21کروڑ روپئے کی لاگت سے مکمل کرنے کا اعلان کیا گیا لیکن حکومت کی جانب سے 5سال مکمل ہونے کے باوجود شہر کے قدیم دارالیتامہ کے تعمیری کامو ںکو مکمل نہیںکیا جاسکا ہے بلکہ طویل عرصہ تک ان کاموں کو موقوف کردیا گیا تھا اور یہ کہا جا تا رہا کہ بجٹ کی قلت کے سبب اس عمارت کو مکمل کرنے میں رکاوٹیں پیدا ہورہی ہیں جبکہ اس عمارت کیلئے مجموعی طور پر 21 کروڑ روپئے کا تخمینہ لگایا گیا تھا ۔2019 میں جس عمارت کا سنگ بنیاد رکھا گیاتھا اس کے تعمیراتی کاموں کو مکمل کرلیا گیا اور سینکڑوں کروڑ روپئے اس کیلئے خرچ کئے گئے لیکن اس کے برعکس 21کروڑ روپئے مالیت کے پراجکٹ انیس الغرباء کو جس کا 2017میں سنگ بنیاد رکھا گیا تھا اسے مکمل نہیں کیا جاسکا ہے۔

انیس الغرباء یتیم خانہ کے معاملہ میں قائد اپوزیشن تلنگانہ جناب اکبر الدین اویسی کی خصوصی شخصی دلچسپی کے سبب اس قدیم یتیم خانہ کی تعمیر کے کاموں کا آغاز کیا اور اس کے بعدبھی جناب اکبر الدین اویسی نے اس عمارت کی تکمیل کے سلسلہ میں متعدد مرتبہ توجہ دہانی کے علاوہ جائزہ اجلاس منعقد کرکے اس کی عاجلانہ تعمیر کو مکمل کرنے اقدامات کی ہدایت دی لیکن اس کے باوجود بھی انیس الغرباء کے تعمیراتی کاموں کو مکمل نہیں کیا جاسکا ہے بلکہ کہا جا رہاہے کہ اس عمارت کی تکمیل کیلئے مزید 6تا8ماہ درکار ہوں گے ۔حکومت کے اس طرح کے رویہ سے واضح ہونے لگا ہے کہ حکومت یا عہدیداروں کو مسلمانوں کی ترقی سے کوئی مطلب نہیں رہا ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button