تلنگانہ کی خبریںسرورق

تلنگانہ: بی آر ایس کی میٹنگ میں مبینہ آتش بازی سلنڈر میں دھماکہ، ایک شخص کی موت، 8 دیگر افراد زخمی

تلنگانہ کے کھمم ضلع میں برسراقتدار بی آر ایس کی ایک میٹنگ کے دوران مبینہ طور پر آتش بازی کے سبب آگ لگ گئی

حیدر آباد،12؍اپریل :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) تلنگانہ کے کھمم ضلع میں برسراقتدار بی آر ایس کی ایک میٹنگ کے دوران مبینہ طور پر آتش بازی کے سبب آگ لگ گئی جس سے وہاں قریب میں رکھے ایک سلنڈر میں دھماکہ ہو گیا۔ اس دھماکہ کی زد میں آنے سے ایک شخص کی موت ہو گئی اور 8 دیگر لوگ سنگین طور پر زخمی ہو گئے۔ سبھی زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔حادثہ بدھ کے روز کریپلی کے چیملپاڈو میں پیش آیا جہاں بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس) کی چل رہی میٹنگ کے دوران پارٹی کے کچھ کارکنان نے پٹاخے پھوڑے۔ جلتے پٹاخوں میں سے ایک کی چنگاری سے پاس کی ہی جھونپڑی میں آگ لگ گئی اور پھر جھونپڑی میں موجود رسوئی گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک شخص کی موت ہو گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ کے زخمیوں میں ایک پولیس اہلکار اور دو صحافی بھی شامل ہیں۔

دھماکہ میں کئی زخمیوں کے ہاتھ پیر ٹوٹ گئے۔ بی آر ایس کارکنان نے میٹنگ میں کھمم کے رکن پارلیمنٹ ناما ناگیشور راؤاور رکن اسمبلی رامولو نائک سمیت پارٹی لیڈروں کے استقبال کے لیے پٹاخے پھوڑے تھے۔ اس واقعہ سے لوگوں میں دہشت پھیل گئی۔ زخمیوں کو بی آر ایس لیڈروں کی گاڑیوں میں سرکاری اسپتال لے جایا گیا۔ناگیشور راؤ نے میڈیا اہلکاروں سے کہا کہ اس حادثہ کا پارٹی کی میٹنگ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ واقعہ جلسہ والی جگہ سے 200 میٹر دور پیش آیا ہے۔ رکن پارلیمنٹ نے ڈاکٹروں کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں کو بہتر علاج مہیا کرایا جائے اور ضرورت پڑنے پر انھیں حیدرآباد بھیجا جائے۔ انھوں نے متاثرین کو ہر ممکن مدد کی بھی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button