تلنگانہ کی خبریںسرورق

تلنگانہ میں والدین بیٹے کی نعش ٹھیلہ بنڈی پر گھر لے جانے پر مجبور

غربت اور بے بسی نے والدین کو بیٹے کی نعش ٹھیلہ بنڈی پر لے جانے پر مجبور کردیا

کریم نگر 04 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)تلنگانہ کے ضلع کریم نگر میں ایک نہایت افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں غریب والدین اپنے جوان بیٹے یعقوب کی نعش کو بنڈی پر رکھ کر گھر لے جانے پر مجبور ہوگئے۔ یہ واقعہ اتوار کو پیش آیا جس نے انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔

تفصیلات کے مطابق یعقوب، جو تقریباً 30 سال کا تھا، شنکرپٹنم علاقے کا رہنے والا تھا۔ اس کے والد اسحاق نے بتایا کہ وہ اور ان کی اہلیہ پھل فروشی کرکے اپنا گزر بسر کرتے ہیں۔ یعقوب پہلے کرائے کا آٹو چلاتا تھا لیکن کچھ عرصہ قبل بے روزگار ہوگیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ شدید گرمی کے باعث یعقوب سڑک پر بے ہوش ہوگیا تھا، جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، مگر وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ اس کے بعد اہل خانہ کو سب سے زیادہ اذیت اس وقت ہوئی جب اسپتال کی جانب سے نعش کو گھر پہنچانے کے لیے کوئی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یعقوب کے والدین انتہائی بے بسی کے عالم میں اپنے بیٹے کی نعش کو ایک بنڈی پر رکھ کر گھر لے جا رہے ہیں، جو ایک انتہائی دلخراش منظر ہے۔

پولیس کے مطابق اس واقعہ کے تعلق سے اب تک کوئی شکایت درج نہیں کرائی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button