
SIR ووٹر لسٹ میں عوام کو بڑی راحت، معمولی املا کی غلطیوں پر نہیں ملے گا نوٹس
کن ووٹرس کو نوٹس دیا جائے گا؟
حیدرآباد، 20 اگست (اردو دنیا نیوز/ایجنسیز)تلنگانہ میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کے دوران ووٹرس کو بڑی راحت دی گئی ہے۔ ووٹر لسٹ میں نام یا سرنیم کے املا میں معمولی فرق ہونے کی صورت میں اب ووٹر کو نوٹس جاری نہیں کیا جائے گا۔
چیف الیکٹورل آفیسر سی سدرشن ریڈی نے فیلڈ لیول پر کام کرنے والے الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرز (EROs) کو ہدایت دی ہے کہ معمولی نوعیت کی املا کی غلطیوں کو خود درست کیا جائے اور ایسے معاملات میں ووٹر کو دفتر طلب نہ کیا جائے۔
مسودہ ووٹر لسٹ میں ریاست کے 2,64,87,213 ووٹرز شامل ہیں۔ ابتدائی طور پر تقریباً 92,87,577 ووٹرز کو نوٹس جاری کرنے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔ ان میں تقریباً 31.86 لاکھ ایسے ووٹرز شامل تھے جن کی 2002 کی SIR فہرست سے مطلوبہ میپنگ نہیں ہو پائی، جبکہ تقریباً 60,50,918 ووٹرز کے ریکارڈ میں مختلف نوعیت کی بے ضابطگیاں سامنے آئی تھیں۔
حکام کے مطابق ایک ساتھ اتنی بڑی تعداد میں نوٹس جاری کرنے سے ERO دفاتر میں غیر معمولی بھیڑ پیدا ہونے کا خدشہ تھا۔ اسی وجہ سے نوٹس جاری کرنے کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی ہے اور معمولی املا کی غلطیوں والے معاملات کو الگ رکھا گیا ہے۔
اگر ووٹر کا نام یا اس کے والدین کا نام 2002 کی فہرست میں موجود ہے اور ریکارڈ سے اس کی اہلیت واضح ہوتی ہے تو اسے اہل ووٹر تصور کرتے ہوئے فائنل ووٹر لسٹ میں برقرار رکھا جائے گا۔ نام کے املا میں معمولی فرق کی صورت میں متعلقہ افسر خود ضروری تصحیح کر سکیں گے۔
کن ووٹرس کو نوٹس دیا جائے گا؟
نوٹس صرف ان معاملات میں جاری کیا جائے گا جہاں ریکارڈ میں ایسا اہم تضاد موجود ہو جسے نظرانداز کرنا ممکن نہ ہو۔ غیر میاپنگ یا سنگین نوعیت کے اختلاف والے ووٹرس سے مقررہ دستاویزات کے ذریعے اپنی شناخت اور ریکارڈ کی وضاحت طلب کی جائے گی۔
الیکشن حکام کی جانب سے تجویز کردہ 11 اقسام کی دستاویزات میں آدھار، پاسپورٹ، بجلی کا بل اور دیگر قابل قبول ثبوت شامل ہیں۔ ووٹر کو نوٹس ملنے کی صورت میں دفتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ نوٹس میں دی گئی ہدایات کے مطابق مقررہ مدت، یعنی تقریباً ایک ہفتے کے اندر تحریری وضاحت اور متعلقہ دستاویزات جمع کرائی جا سکیں گی۔
حکام نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ صرف انتہائی پیچیدہ معاملات میں ووٹر کو بالمشافہ جانچ کے لیے ERO دفتر بلایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ دفاتر میں مخصوص ٹیبلز اور عملہ بھی مقرر کیا گیا ہے۔
چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی کے مطابق ریاست کے بعض اضلاع میں نوٹس جاری کرنے کا عمل بدھ سے شروع ہو چکا ہے، جبکہ گریٹر حیدرآباد میں یہ کارروائی جمعرات سے شروع کی گئی۔
گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (GHMC) کے حدود میں ووٹرس کی سہولت کے لیے نوٹس انگریزی اور تلگو دونوں زبانوں میں جاری کیے جا رہے ہیں، جبکہ دیگر اضلاع میں نوٹس تلگو زبان میں فراہم کیے جا رہے ہیں۔
تلنگانہ میں SIR کے تحت ووٹر ریکارڈ کی جانچ، تصدیق اور دیگر متعلقہ کارروائی 15 اکتوبر 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔



