تلنگانہ کی خبریںسرورق

تلنگانہ SIR مہم: نوٹس ملنے پر عمر کے مطابق دستاویزات لازمی، الیکشن کمیشن نے نئی ہدایات جاری کردیں

تلنگانہ میں SIR مہم کا آغاز، ووٹرس کو عمر کے مطابق دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت

حیدرآباد، 25 جون: تلنگانہ میں ووٹر لسٹوں کی جامع نظرثانی (Special Intensive Revision – SIR) مہم کے آغاز کے لیے الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ 25 جون سے شروع ہونے والی اس خصوصی مہم کے دوران ایسے ووٹرس کو نوٹس جاری کیے جائیں گے جن کی معلومات پرانے ریکارڈ سے مطابقت نہیں رکھتیں یا جن کے کوائف کی مزید تصدیق ضروری سمجھی جائے گی۔

الیکشن حکام کے مطابق ریاست میں موجود 3 کروڑ 38 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرس میں سے اب تک 2 کروڑ 38 لاکھ سے زیادہ افراد کے ریکارڈ کی میاپنگ مکمل کی جا چکی ہے۔ اس عمل کا مقصد موجودہ ووٹر لسٹ کو سال 2002 کے انتخابی ریکارڈ سے ملا کر ہر ووٹر کی تفصیلات کی تصدیق کرنا ہے۔

جن ووٹرس کا ریکارڈ 2002 کی ووٹر لسٹ سے منسلک نہیں ہو سکا یا جن کی عمر، شناخت یا دیگر معلومات پر شبہ ہوگا، انہیں الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر (ERO) کی جانب سے نوٹس جاری کیا جائے گا۔ ایسے افراد کو اینیومریشن فارم (Enumeration Form) بھرنے کے ساتھ الیکشن کمیشن کی منظور شدہ دستاویزات پیش کرنا ہوں گی۔

عمر کے لحاظ سے دستاویزات کا اصول

یکم جولائی 1987 سے پہلے پیدا ہونے والے افراد:
اگر نوٹس موصول ہوتا ہے تو انہیں صرف اپنی شناخت ثابت کرنے کے لیے منظور شدہ 12 دستاویزات میں سے کوئی ایک دستاویز پیش کرنا کافی ہوگا۔

یکم جولائی 1987 سے 2 دسمبر 2004 کے درمیان پیدا ہونے والے افراد:
انہیں اپنی شناخت کے ساتھ والد یا والدہ میں سے کسی ایک کی منظور شدہ دستاویز بھی جمع کرانی ہوگی۔

2 دسمبر 2004 کے بعد پیدا ہونے والے ووٹرس:
اس زمرے کے ووٹرس کو اپنی شناختی دستاویز کے علاوہ والد اور والدہ دونوں کی متعلقہ دستاویزات بھی پیش کرنا لازمی ہوں گی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اس خصوصی مہم کا مقصد ووٹر لسٹ کو مکمل طور پر شفاف بنانا، فرضی یا مشکوک اندراجات کو ختم کرنا اور انتخابی عمل کو مزید قابل اعتماد بنانا ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں نوٹس موصول ہو تو مقررہ مدت کے اندر مطلوبہ دستاویزات جمع کرا کر اپنے ووٹ کے حق کو محفوظ بنائیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button