
تلنگانہ میں ایس آئی آر کی تیاریوں میں تیزی، ووٹر میاپنگ سروے جاری
گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں کی جانچ کررہے ہیں
حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) ریاست میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی مہم (ایس آئی آر) کی تیاریوں میں تیزی آگئی ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے اپریل میں مجوزہ مہم کے پیش نظر متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے ووٹر میاپنگ سروے جلد مکمل کرنے کی تاکید کی ہے۔
چیف الیکٹورل آفیسر نے الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس اور اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس کو رائے دہندوں کی جانچ کے عمل میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔ ایس آئی آر کے باضابطہ آغاز سے قبل الیکشن کمیشن نے حیدرآباد میں تجرباتی طور پر ووٹر جانچ کا عمل شروع کیا ہے۔
خصوصی نظرثانی مہم کے تحت شہر کے مختلف اسمبلی حلقوں میں ووٹر میاپنگ سروے جاری ہے، جس کے لئے خصوصی رجسٹریشن آفیسرس متعین کئے گئے ہیں۔ سدرشن ریڈی نے ضلع الیکشن آفیسر و کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن آر وی کرنن کے ہمراہ سکندرآباد اسمبلی حلقہ میں سروے کا شخصی طور پر جائزہ لیا۔
انہوں نے پولنگ اسٹیشن پہنچ کر میاپنگ کے کام کا معائنہ کیا اور عہدیداروں سے تفصیلی بات چیت کی۔ سدرشن ریڈی نے سکندرآباد کے منی کیشور نگر اور چارمینار اسمبلی حلقہ کے ایک پولنگ بوتھ کا بھی اچانک دورہ کیا۔
اس موقع پر بوتھ لیول آفیسرس اور سپروائزرس نے بتایا کہ وہ گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں کی جانچ کررہے ہیں اور سال 2002 کی فہرست رائے دہندگان کا سال 2025 کی مجوزہ فہرست سے تقابل کیا جارہا ہے۔ خاندانوں کے ان افراد کے ناموں کی تصدیق کی جارہی ہے جو 2002 کی فہرست میں شامل تھے۔
عہدیداروں کے مطابق ایس آئی آر مہم کے تحت نئے ناموں کی شمولیت کے لئے 2002 کی فہرست میں نام کی موجودگی لازمی قرار دی گئی ہے۔ اگر کسی فرد کا نام 2002 کی فہرست میں شامل نہیں ہے تو اسے الیکشن کمیشن کی جانب سے مقررہ دستاویزات پیش کرنا ہوں گے۔
الیکشن عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد فہرست رائے دہندگان کو زیادہ شفاف اور مستند بنانا ہے تاکہ آئندہ انتخابات کے دوران کسی بھی قسم کی بے ضابطگی سے بچا جاسکے۔



