تلنگانہ: ڈگری کالجوں کی نصف نشستیں خالی،حکومت کا اسپاٹ ایڈمیشن مہم شروع کرنے کا اعلان
داخلے کی گرتی شرح پر قابو پانے کے لیے تلنگانہ میں خصوصی داخلہ مہم شروع
حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) تلنگانہ کے ڈگری کالجوں میں طلبہ کی دلچسپی کم ہونے کے باعث اس سال تقریباً دو لاکھ نشستیں خالی رہ گئی ہیں۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے تلنگانہ کونسل آف ہائر ایجوکیشن (TGCHE) نے اعلان کیا ہے کہ وہ تعلیمی سال 2025–26 کے لیے ایک خصوصی اسپاٹ ایڈمیشن ڈرائیو شروع کرے گی۔ اس عمل کا آغاز جمعہ سے ہوگا اور اس کا مقصد سرکاری، نجی اور یونیورسٹی کالجوں میں خالی نشستوں کو پُر کرنا ہے
اعداد و شمار کے مطابق، ریاست میں کل 4,38,387 نشستوں میں سے صرف 1,96,451 طلبہ نے داخلہ لیا ہے، جن میں 97,590 لڑکے اور 98,861 لڑکیاں شامل ہیں، جبکہ 2,41,936 نشستیں خالی رہ گئی ہیں۔
ماہرین کے مطابق ڈگری کالجوں میں طلبہ کی کمی کی بڑی وجوہات۔روایتی ڈگری کورسز میں طلبہ کی دلچسپی میں کمی،روزگار کے محدود مواقع،ڈراپ آؤٹ کی بڑھتی شرح،آن لائن ایڈمیشن سسٹم (DOST) کے بارے میں دیہی علاقوں میں عدم آگاہی
تلنگانہ پرائیویٹ اینڈ پی جی کالج منیجمنٹ ایسوسی ایشن کے مطابق، تین سال قبل تقریباً چار لاکھ طلبہ نے داخلہ لیا تھا، لیکن پچھلے سال یہ تعداد کم ہو کر دو لاکھ رہ گئی، اور اس سال مزید کمی واقع ہوئی ہے۔
داخلے کی تاریخیں:15 اور 16 ستمبر، سرکاری و نجی ایڈیڈ ڈگری کالجوں میں اسپاٹ ایڈمیشنس
17 ستمبر: داخل شدہ طلبہ کا ڈیٹا DOST پورٹل پر اپ لوڈ کیا جائے گا
18 اور 19 ستمبر: تمام اداروں کے لیے دوسرا اور آخری اسپاٹ ایڈمیشن راؤنڈ
TGCHE چیئرمین و DOST کنوینر وی بالا کستا ریڈی نے کہا:“یہ خصوصی اقدام ان طلبہ کی مدد کے لیے کیا جا رہا ہے جو کسی وجہ سے داخلہ نہیں لے سکے۔ ہمارا مقصد ہے کہ زیادہ سے زیادہ مستحق طلبہ ڈگری تعلیم حاصل کر سکیں۔”انہوں نے مزید کہا کہ نصاب میں تاخیر کے خدشات کے باوجود، کالجوں کو ہدایت دی جائے گی کہ وہ خصوصی کلاسز، آن لائن لیکچرز اور گروپ ورک کا اہتمام کریں تاکہ طلبہ کو کسی قسم کا تعلیمی نقصان نہ ہو۔
طلبہ مزید معلومات کے لیے DOST ہیلپ ڈیسک 040-23120416 پر رابطہ کر سکتے ہیں یا قریبی ہیلپ لائن سینٹر جا سکتے ہیں۔



