تلنگانہ کی خبریںسرورق

بس میں مفت سفر کیلئے اصل آدھار کارڈ کا لزوم-پیان کارڈ ناقابل قبول،ایم ڈی سجنار کا بیان

اصلی شناختی کارڈ بتانا ضروری ہے جس پر تصویر کے ساتھ گھر کا پتہ ہونا لازمی ہے

حیدرآباد ۔:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) تلنگانہ آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر سجنار نے سنکرانتی تہوار کے پیش نظر آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کرنے والی خواتین سے اپیل کی کہ وہ اوریجنل ( اصلی ) آدھار کارڈ اپنے ساتھ رکھیں ۔ زیراکس کاپی کو قبول نہیں کیا جائے گا ۔ مفت سفر کے لیے پیان کارڈ قبول نہ کرنے کا اعلان کیا ۔ سجنار نے کہا کہ حکومت نے آر ٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک ماہ قبل مہا لکشمی اسکیم متعارف کرائی جس پر کامیابی سے عمل آوری ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سہولت سے استفادہ کے لیے ریاستی اور مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے اصلی شناختی کارڈ بتانا ضروری ہے جس پر تصویر کے ساتھ گھر کا پتہ ہونا لازمی ہے ۔

پیان کارڈ پر گھر کا پتہ نہیں ہوتا ۔ اس لیے اس کو قبول نہیں کیا جاتا ۔ سجنار نے بتایا کہ ایک ماہ سے بار بار اپیل کرنے کے باوجود ، اصلی شناختی کارڈ ساتھ رکھنے میں خواتین تعاون نہیں کررہی ہیں ۔ سفر کے دوران اسمارٹ فونس میں شناختی کارڈس بتانے کے علاوہ کلر یا بلیک اینڈ وائیٹ زیراکس کاپی پیش کررہی ہیں ۔ آر ٹی سی عملہ کے ساتھ جھگڑا اور بحث و تکرار کررہی ہیں ۔ خواتین کے اس طرز عمل سے بس میں موجود دوسرے مسافرین کو مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ مہا لکشمی اسکیم سے استفادہ کرنے والی خواتین اصلی شناختی کارڈ ساتھ رکھتے ہوئے زیرو ٹکٹ حاصل کریں ۔

اصلی شناخت کارڈ نہ ہونے پر پیسے ادا کرتے ہوئے ٹکٹ خریدنے کی اپیل کی ۔ مہا لکشمی اسکیم سے صرف تلنگانہ کے خواتین ہی استفادہ کرسکتے ہیں ۔ دوسری ریاستوں کی خواتین چارجس ادا کرتے ہوئے ٹکٹ حاصل کریں ۔ مفت سہولت کے نام پر زیرو ٹکٹ حاصل نہ کرتے ہوئے آر ٹی سی عملہ کو پریشان نہ کریں ۔ زیرو ٹکٹ اجرائی کی بنیاد پر ہی حکومت ٹی ایس آر ٹی سی کو ری ایمبرسمنٹ کرے گی ۔ زیرو ٹکٹ کے بغیر سفر کرنے سے آر ٹی سی کو نقصان ہوگا ۔ خواتین زیرو ٹکٹ کے بغیر سفر کرتی ہیں تو چیک اپ ہونے پر انہیں 500 روپئے تک جرمانہ ہوگا اور عملہ کی ملازمت خطرے میں پڑ جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button