انسانیت اور جمہوریت کے وقار کیلئے لڑی گئی تھی 1971 کی جنگ:ایئر فورس کانکلیو میں راج ناتھ سنگھ
نئی دہلی، 22 اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایئر فورس کانکلیو میں کہا کہ 1971 کی جنگ تاریخ کی ان چند لڑائیوں میں سے ایک ہے جو کسی علاقے پر قبضہ کرنے یا طاقت حاصل کرنے کے لیے نہیں لڑی گئی۔
اس لڑائی کا بنیادی مقصد انسانیت اور جمہوریت کے وقار کا تحفظ تھا۔راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ جب 3 دسمبر 1971 کو تنازعہ شروع ہوا تو ہم سیاسی، سفارتی اور عسکری طور پر اس کے لیے تیار تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے سیاسی و عسکری خیالات اور افعال کی ہم آہنگی ایشیا میں ایک نئی قوم (بنگلہ دیش) کی پیدائش کا باعث بنی۔
ساتھ ہی فضائیہ کے سربراہ وویک رام چودھری نے کہا کہ 1971 کی جنگ فوجی لڑائی کی تاریخ میں سب سے زیادہ شاندار اور تیز ترین فتح تھی۔ 93 ہزار پاکستانی فوجیوں کا ہتھیار ڈالنا دوسری جنگ عظیم کے بعد کسی بھی فوج کا سب سے بڑا ہتھیار ڈالنا ہے۔
چودھری نے کہا کہ ہندوستانی افواج نے مغربی اور مشرقی محاذوں پر بہترین ہم آہنگی کے ساتھ مقابلہ کیا اور ہوا، زمین اور سمندر میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ہندوستانی افواج پاکستانی فوج کو کم سے کم وقت میں ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنے کیلئے تمام علاقوں پر حاوی تھیں۔



