بین الاقوامی خبریں
سنہ 2011 کے بعد پہلی بار ایرانی صدر کے دورہ شام کا اعلان
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اگلے ہفتے کے دوران دمشق کا دورہ کریں گے۔
تہران ،29اپریل:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اگلے ہفتے کے دوران دمشق کا دورہ کریں گے۔شامی حکومت کے قریبی ذرائع نے خبر رساں ایجنسی رائیٹرز کو بتایا ہے کہ ایران کے صدر 2011 کے بعد پہلی بار اپنے اہم اتحادی شامی صدر بشار الاسد سے ملنے آرہے ہیں۔ایران اور روس کی فوجی اور معاشی امداد کے نتیجے میں بشار الاسد ملک میں 2010 سے جاری تنازعے کا پانسا پلٹنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔شام کی حکومت کے مقرب سمجھے جانے والے روزنامہ الوطن کے مطابق ابراہیم رئیسی دو دن کا دورہ کریں گے جس کے دوران معاشی تعاون سمیت دیگر معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے۔اس سے قبل بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران نے شام میں زلزلے کے بعد ریلیف کی آڑ میں اسلحہ اور فوجی سامان ٹرانسفر کیا ہے۔



