
ریاض ، 18اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) مسجد نبوی ؐ میں رہ نمائی کے امور کے معاون سکریٹری عبداللہ الحنینی نے بتایا ہے کہ مسجد نبوی میں جنوب مغربی حصے کی چھت اعتکاف کے لیے مختص کی گئی ہے۔ یہ جگہ مصلوں سے دور ہے۔
الاخباریہ نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ برسوں کے دوران میں بعض معتکفین کی جانب سے منفی حالات پیدا کرنے کے سبب مذکورہ جگہ کو معتکف حضرات کے لیے مختص کیا گیا ہے۔الحنینی کے مطابق مملکت کے اندرون یا بیرون سے کوئی بھی زائر جو عمرے یا زیارت کا اجازت نامہ رکھتا ہو وہ اعتکاف کا اجازت نامہ حاصل کر سکتا ہے۔
اس سال معتکفین کی تعداد 4 ہزار مقرر کی گئی ہے۔ ان میں 3 ہزار مرد اور ایک ہزار خواتین ہوں گی۔دوسری جانب مسجد حرام میں رہنمائی کے امور کے سربراہ ماجد المسعودی نے باور کرایا ہے کہ حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی مسجد حرام آنے والے افراد کو اعلی ترین خدمات پیش کرنے کی خواہاں ہے۔
ان میں اعتکاف سے متعلق خدمات شامل ہیں۔ انٹرویو میں انہوں نے واضح کیا کہ پریذیڈنسی کی سرکاری ویب سائٹ پر دیے گئے لنک کے ذریعے اعتکاف کے واسطے رجسٹریشن کی درخواست دی جا سکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ رجسٹریشن کے طریقہ کار میں اعتکاف کی خدمات سے مستفید ہونے والے کی شناخت اور طبی حالت کی تصدیق شامل ہے۔
المسعودی کے مطابق شاہ فہد توسیع میں معتکفین کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔اعتکاف کے اجازت ناموں کے حوالے سے المسعودی کا کہنا ہے کہ شاہ عبداللہ توسیع کے سامنے مسجد حرام کے صحن میں ایک کیبن مختص کیا گیا ہے جہاں سے معتکف حضرات کو ان کے کارڈز اور اجازت نامے دیے جائیں گے۔
ان کے ذریعے وہ اعتکاف کی جگہ اپنے ٹھکانوں میں داخل ہو سکیں گے۔المسعودی نے زور دیا کہ معتکف حضرات کو اپنے ساتھ صرف کھانے کی خشک چیزیں اور اپنی چپل اندر لے جانے کی اجازت ہو گی۔



