سب سے بڑا بینکنگ اسکینڈل! 22ہزارکروڑ کی مبینہ دھوکہ دہی پر ایف آئی آر درج
نئی دہلی12فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سی بی آئی نے بینکنگ فراڈ کے معاملے میں اے بی جی شپ یارڈ لمیٹڈ اور اس کے اس وقت کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر رشی کملیش اگروال اور دیگر کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیاہے۔
اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کی قیادت میں 28 بینکوں کے کنسورشیم کے ساتھ 22,842 کروڑ روپے کی مبینہ دھوکہ دہی کے سلسلے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
سی بی آئی کے ذریعہ درج کیا گیا یہ بینکنگ فراڈ کا اب تک کا سب سے بڑا کیس ہے۔
اگروال کے علاوہ ایجنسی نے اس وقت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سنتھانم متھسوامی، ڈائریکٹرز اشونی کمار، سشیل کمار اگروال اور روی ومل نیویتیا اور ایک اور کمپنی اے بی جی انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا ہے۔
ان کے خلاف مجرمانہ سازش، دھوکہ دہی، اعتماد کی مجرمانہ خلاف ورزی اور عہدے کے غلط استعمال کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پہلی شکایت بینک نے 8 نومبر 2019 کو درج کی تھی۔ اس پر سی بی آئی نے 12 مارچ 2020 کو کچھ وضاحتیں مانگی تھیں۔
اس کے بعد بینک نے اسی سال اگست میں ایک تازہ شکایت درج کرائی۔ تقریباً ڈیڑھ سال تک تفتیش کے بعد سی بی آئی نے شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے 7 فروری 2022 کو شکایت درج کی۔



