لکھنؤ: (اردودنیا.اِن)یوپی دارالحکومت لکھنؤ کے علاقے قیصرباغ کوتوالی سے لاپتہ وکیل کی لاش اناؤ ضلع سے ملی ہے۔ اناؤ پولیس نے وکیل کے پڑوس میں رہنے والے دو سگے بھائیوں کو گرفتارکیاہے۔ دونوں نے پہلے وکیل کا گلا گھونٹا اور پھر سر پر بھاری چیز سے اس پر وار کرکے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا ۔
واضح ہو کہ دونوں نے وکیل پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا ہے۔ ہفتے کے روز مقتول وکیل کے بھائی نے اس کے گمشدگی کے بارے میں رپورٹ دیتے ہوئے قیصرباغ کوتوالی میں مقدمہ درج کرایا تھا۔خبر کے مطابق یہ معاملہ تھانہ قیصرباغ کے علاقہ لال کنواں مقبول گنج کا ہے۔
یہاں ایڈوکیٹ نتن تیواری 35 کو اغوا کرکے قتل کیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق ہفتے کے روز ان کے بھائی مانک نے قیصرباغ کوتوالی میں اغوا کی ایک رپورٹ درج کروائی۔ پولیس کی متعدد ٹیمیں تفتیش میں مصروف تھیں۔ دریں اثنا اتوار کے روز نتن کی نعش ضلع اناؤ کے میراواں علاقہ کے پسندا نامی گاؤں میں سڑک کے کنارے جھاڑیوں میں پڑی ہوئی ملی۔
اناؤ پولیس کی اطلاع پر مانک کے لواحقین نے لاش کی شناخت کی ۔اناؤ پولیس کے مطابق ملزم وپین اور پروین سے تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ دونوں ہی وکیل کے پڑوس میں رہتے ہیں۔
دونوں کا پی جی آئی کے علاقہ میں سینیک نگر میں مکان ہے۔ نتن دونوں پر توہین آمیز تبصرہ کیا کرتے تھے، اس سے تنگ آ کر ویپن اور پروین کچھ دیر پہلے سینیک نگر شفٹ ہوگئے، اس کے بعد بھی مقتول وکیل نتن ان پر تبصرہ کرتے۔ کبھی نتن فون کر کے بھی پریشان کیا کرتے ، اس سے عاجز آکر دونوں بھائیوں نے نتن کے قتل کی ٹھان لی ۔وپین اور پروین نے فون کرکے کچھ ضروری باتیں کرنے کے لئے بلایا، اس کے بعد اسے اپنی ویگن آر کار میں بٹھاکر اناؤلے گئے ، اسے راستے میں ہی قتل کردیا گیا تھا، پھر دونوں بھائی میراواں کے علاقہ میں سڑک کے کنارے لا ش پھینک کر فرار ہوگئے۔
تفتیش میں پتہ چلا کہ نتن کو پڑوس میں رہنے والے پروین اور اس کے بھائی وپین کار میںبٹھا کر کہیں لے گئے ہیں ،دونوں کی تلاش شروع ہوئی۔ ادھر اناؤ پولیس نے اس معاملے میں قتل کا مقدمہ درج کرکے پروین اور اس کے بھائی وپن کو گرفتار کرلیا ہے۔ انسپکٹر میراواں راجندر سنگھ نے بتایا کہ دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم میں وکیل کا گلا دبا کر اس کے سر پر بھاری چیز سے وار کرکے ہلاک کرنے کی تصدیق ہوئی ہے۔



