تلنگانہ کی خبریںسرورق

بی آر ایس حکومت نے ریاست کے مالی نظام کو تباہ کردیا

وائیٹ پیپر کے ذریعہ عوام کو حقائق سے واقف کروایا جارہا ہے: چیف منسٹر

حیدرآباد:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے ریاست کے مالی نظام کو تہس نہس کردیا ہے۔ حقائق کو عوام کے سامنے پیش کرنے کیلئے وائیٹ پیپر جاری کیا گیا کسی کو بدنام کرنے یا سیاسی انتقام کیلئے نہیں۔ اسمبلی میں وائیٹ پیپر کے مختصر مباحثہ میں حصہ لیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ عوام کو گمراہ کرنے کیلئے تلنگانہ ملک کی دولتمند ریاست ہونے کا دعویٰ کیا گیا۔ وائیٹ پیپر کو تسلیم کرنے کے بجائے اس کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے عوام کو مزید گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کالیشور پراجکٹ کے نام پر ایک لاکھ کروڑ روپے کا بیجا استعمال کیا گیا اور حقائق کو چھپانے کی کوشش کی گئی۔ کانگریس حکومت کے تیار کردہ اثاثہ جات سے ہی بی آر ایس حکومت نے راج کیا ہے۔

تلنگانہ کی تشکیل کے موقع پر قرض تقریباً 70 ہزار کروڑ روپے تھا جو اب بڑھ کر 6 لاکھ کروڑ سے زیادہ ہوگیا ہے۔ حکومت سرکاری ملازمین کو وقت پر تنخواہ دینے کے موقف میں نہیں تھی۔ انتخابات سے قبل شراب کا ٹنڈر جاری کرکے لوٹ مار کی گئی ہے۔ انتخابی وعدوں کو پورا نہیں کیا گیا۔ ہر ایک اسمبلی حلقہ میں ایک لاکھ ایکڑ اراضی کو پانی دینے اور ہر اسمبلی حلقہ میں 100 بیڈس پر مشتمل ہاسپٹل تعمیر کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے دھوکہ دیا گیا ہے۔ حقائق پیش کرنے پر وقار گھٹ جانے کا دعویٰ کرنا غیر مناسب ہے۔

چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ حقائق کو جمہوری انداز میں پیش کرتے ہوئے ریاست کے مالی موقف کو مستحکم بنانے اور ترقی کی حکمت عملی تیار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بی آر ایس حکومت کا سرکاری خزانہ خالی تھا۔ قرض حاصل کرنے کیلئے ہر دن آر بی آئی کے پاس قطار میں ٹھہرا کرتے تھے۔ کانگریس حکومت اقلیتوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کرے گی۔ پرانے شہر کی ترقی کیلئے مجلس کی مدد حاصل کی جائے گی۔ منشیات کا خاتمہ کرنے کیلئے مجلس نے مکمل تعاون کرنے کا تیقن دیا ہے جس پر وہ اکبر الدین سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔

گریٹر حیدرآباد کے ارکان اسمبلی کا ایک اجلاس طلب کیا جائے گا اور دوسرے معاملات میں کل جماعتی اجلاس بھی طلب کیا جائے گا وہ گھر بیٹھے یکطرفہ فیصلہ نہیں کریں گے۔ اسمبلی میں دستاویزات پیش کرتے ہوئے تمام جماعتوں کی رائے حاصل کرتے ہوئے فیصلے کریں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button