قومی خبریں

عدالت نے ایئر انڈیا کو پائلٹوں کو بحال کرنے کی ہدایت دی

نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی ہائی کورٹ نے پچھلے سال نوکری سے نکالے گئے قومی فضائیہ کمپنی ایئر انڈیا کے پائلٹوں کو بڑی راحت دیتے ہوئے  کمپنی کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ان کی بحالی کا حکم دیا ۔جسٹس جیوتی سنگھ نے ایئر انڈیا کو یہ ہدایت دی۔ انہوں نے اپنے حکم میں یہ بھی کہا کہ پرانے الاؤنس ان پائلٹوں کو ادا کئے جائیں گے۔

عدالت نے کہا کہ ایئر انڈیا کو خدمات انجام دینے والے پائلٹوں کے برابر اور سرکاری قواعد کے مطابق گذشتہ تنخواہوں کی ادائیگی کرنی ہوگی۔اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایئر انڈیا اپنی کارکردگی کی بنیاد پر مستقبل میں کانٹریکٹ پائلٹوں کے معاہدے میں توسیع کا فیصلہ کرے گا۔عدالت نے کہا کہ اس معاملے میں تفصیلی احکامات بدھ کے روز ہی دستیاب ہوں گے۔عدالت نے یہ حکم پائلٹوں کی 40 سے زائد دائردرخواستوں پر دیا، جن کی نوکری کو ایئر انڈیا نے گذشتہ سال 13 اگست کو ختم کردیا تھا۔

برطرف کئے جانے والے زیادہ تر پائلٹوں کی نمائندگی وکالت روی رگھناتھ اور نیلنش گوڑ کررہے ہیں۔پائلٹوں نے اس سے قبل گذشتہ سال جولائی میں عدالت سے رجوع کیا تھا تاکہ ایئر انڈیا سے استعفیٰ کے خطوط کو واپس لینے کی منظوری دی جائے۔پائلٹوں نے دلیل دی کہ انہوں نے ابتدائی طور پر ایئر انڈیا کی جانب سے تنخواہوں اور الاؤنس کی ادائیگی میں تاخیر پر استعفیٰ دیا تھا۔

انہوں نے یہ بھی دلیل پیش کی کہ استعفیٰ ملنے کے بعد نہ تو ان کے نوٹس کی مدت کم کی گئی ہے اور نہ ہی انہیں کوئی اعتراض نامہ جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی دلیل دی کہ اسی کے مطابق استعفے واپس لئے گئے تھے لیکن ایئر انڈیا نے استعفوں کی واپسی کو قبول نہیں کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button