’ملزمان نے پہلی بارجرم کیا،مسلسل قیدنہیں رکھاجاسکتا‘-بلی بائی ایپ اورسلی ڈیلز کے ملزموں کو عدالت نے ’انسانی بنیادوں ‘پر ضمانت دی
نئی دہلی29مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) دہلی کی ایک عدالت نے بلی بائی ایپ کیس کے ملزم نیرج بشنوئی اور سلی ڈیلز ایپ کے ملزم اومکاریشور ٹھاکر کو انسانی بنیادوں پر ضمانت دے دی ہے۔ عدالت نے کہاہے کہ ملزمان پہلی بار کے مجرم ہیں اور مسلسل قید ان کی بھلائی کے لیے نقصان دہ ہو گی۔
اس سے پہلے دوسرے کیس میں دہلی ہائی کورٹ نے کہاتھاکہ مسکراکرکہناجرم نہیں ہے۔عدالت کے حالیہ تبصروں پرسوشل میڈیا پر کئی سوال اٹھ رہے ہیں کہ کیاکوئی پہلی بارقتل کردے تومجرم نہیں ہوگا؟
کیا انسانی بنیاداوربھی جگہ ہوسکتی ہے؟کیامسلسل قیداورملزموں کے لیے مضرنہیں ہے؟
بلی بائی ایپ اورسلی بائی پرپوری دنیامیں بدنامی ہوئی ہے جس میں مسلم عورتوں کی نیلامی کاخطرناک اورشرمناک کام کیاگیا۔عدالت نے ملزمان پر سخت شرائط عائد کر دیں۔ تاکہ وہ کسی گواہ کو دھمکا نہ سکے اور کسی ثبوت کو خراب نہ کر سکے۔ شرائط میں یہ شامل ہے کہ ملزم کسی بھی متاثرہ شخص سے رابطہ کرنے، اثر انداز ہونے، متاثر کرنے کی کوشش نہیں کرے گا۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ ملزم شواہد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کرے گا، تفتیشی افسر کو اپنے رابطے کی تفصیلات فراہم کرے گا اور اپنا فون آن رکھے گا اور آئی او کو اپنی لوکیشن فراہم کرے گا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ملزمان ملک سے باہر نہیں جائیں گے اور ہر تاریخ پر عدالت میں پیش ہوں گے۔ ضمانت پر رہتے ہوئے ایسا جرم نہیں کریں گے۔



