
دہلی ایم سی ڈی ایگزٹ پول 2022: بیروزگار ، مزدور اور آٹو ڈرائیوروں نے جم کر ’جھاڑو‘ چلایا، ایم سی ڈ ی میں’ آپ‘ کی آندھی
نئی دہلی ،5دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) دہلی میونسپل کارپوریشن کا انتخاب ہوچکا ہے اور اس کے نتائج 7 دسمبر کو آئیں گے، لیکن اس سے پہلے ایگزٹ پول کے نتائج آچکے ہیں، جس میں عام آدمی پارٹی کی بمپر جیت کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ نجی کمپنی انڈیا ٹوڈے گروپ ایکسس مائی انڈیا کے ایگزٹ پول کے مطابق عام آدمی پارٹی ایم جی ڈی انتخابات جیتنے جا رہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق عام آدمی پارٹی کو انتخابات میں 149 سے 171 سیٹیں مل رہی ہیں۔وہیں بی جے پی دوسرے نمبر پر ہے۔ بی جے پی کو انتخابات میں 69 سے 91 سیٹیں مل رہی ہیں۔ وہیں کانگریس کو اس کے کھاتے میں 03 سے 07 سیٹیں مل رہی ہیں۔ نیز دیگرپارٹیاں 05 سے 09 سیٹوں پر جیت درج کر رہے ہیں۔دوسری طرف ووٹ شیئرنگ کی بات کریں تو عام آدمی پارٹی کو 43 فیصد، بی جے پی کو 35 فیصد اور کانگریس کو 10 فیصد ووٹ شیئرنگ ہوئی ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے ایگزٹ پول کے نتائج کے مطابق اگر ہم ایم سی ڈی انتخابات کی بات کریں تو اس بار بے روزگار، مزدوروں اور آٹو ڈرائیوروں نے عام آدمی پارٹی کو بمپر ووٹ دیا ہے۔ ان کی بنیاد پر ایگزٹ پول کے نتائج میں ایم سی ڈی میں عام آدمی پارٹی کو اقتدار حاصل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ آئیں جانیں کس طبقہ نے کس پارٹی کو ووٹ دیا۔ بے روزگار طبقہ: 43 فیصد، عام آدمی پارٹی کو، بی جے پی کو 35 فیصد اور کانگریس کو 12 فیصد ووٹ ۔مزدور: 46 فیصد عام آدمی پارٹی کو، بی جے پی کو 32 فیصد اور کانگریس کو 11 فیصد ووٹ ۔آٹو / ٹیکسی ڈرائیور: 44 فیصد عام آدمی پارٹی کو، 36 فیصد بی جے پی اور 11 فیصد کانگریس۔ہنر مند پیشہ ور : 40 فیصد عام آدمی پارٹی کو، 38 فیصد بی جے پی اور 10 فیصد کانگریس۔
وہیں انڈیا ٹوڈے-ایکسس مائی انڈیا کے ایگزٹ پول کے مطابق ایم سی ڈی انتخابات میں بی جے پی کو 35 فیصد ووٹ ملنے کی امید ہے ، جبکہ عام آدمی پارٹی کو 43 فیصد ووٹ ملے ہیں ،اور کانگریس کو صرف 10 فیصد ووٹ ملے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ دہلی ایم سی ڈی پر گزشتہ 15 سالوں سے بی جے پی کا قبضہ ہے۔ 2007 سے بی جے پی مسلسل انتخابات جیت رہی ہے، لیکن اس بار اسے عام آدمی پارٹی سے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ ایگزٹ پول کے اعداد و شمار میں AAP کو مضبوط برتری حاصل ہے۔



