
16 ریاستوں میں 126 واردات کودے چکے ہیں انجام
نئی دہلی،5ستمبر: (اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)بڑے برانڈز کی جعلی ویب سائٹس بنا کر اپنی فرنچائزی دینے کے نام پر لوگوں کے ساتھ دھوکہ دہی کر نے کے الزام میں دہلی پولیس کے سائبر سیل نے ایک گروہ کا پردہ فاش کیا ہے ۔ سائبر سیل نے اس گینگ کے چار شیطانی ٹھگوں کو گرفتار کیا ہے۔ آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ یہ گینگ اب تک 16 ریاستوں میں دھوکہ دہی کے 126 واقعات انجام دے چکا ہے۔سائبر سیل کے ڈی سی پی انیش رائے نے بتایا کہ ایک خاتون کی شکایت کے بعد تفتیش کے دوران یہ گینگ پکڑنے میں کامیاب رہا۔
دراصل ایک خاتون نے سائبر سیل سے شکایت کی کہ جب بھی وہ ہلدی رام کے دکان پر جاتی تھی، اس کا ایک خواب تھاکہ اس کی بھی ایسی ہی دکان ہو۔ خاتون نے شکایت میں بتایا کہ ایک دن وہ ہلدی رام کی ویب سائٹ سرچ کر رہی تھی۔ پھر سرچ کے دوران اسے ویب سائٹ کے ذریعے دکان کھولنے کیلئے ہلدی رام کی فرنچائزی اور ڈیلرشپ کی پیشکش کی گئی۔
خاتون نے ویب سائٹ میں دئے گئے نمبر پر کال کی اور وہاں جو بھی فارمالیٹی تھی اسے مکمل کیا۔ فون پر ہونے والی گفتگو کی بنیاد پر تمام دستاویزات جمع کروائی، خاتون نے سیکیورٹی فیس اور دیگر ادائیگی سمیت کچھ 11.74 لاکھ روپے بھی جمع کروائے لیکن اس کے بعد بھی خاتون کو فرنچائز نہیں مل رہی تھی۔
خاتون نے دوبارہ اس نمبر پر رابطہ کیا۔ خاتون آشیش کمار اور روی کمار سے بات کر رہی تھی، یہ دونوں اپنے آپ کو ہلدی رام کے افسر بتارہے تھے۔ اس نے خاتون سے مزید ڈیڑھ لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔ تب خاتون کو احساس ہوا کہ اسے دھوکہ دیا گیا ہے۔ خاتون نے فوری طور پر سائبر سیل سے اس معاملے کی آن لائن شکایت کی۔شکایت ملتے ہی سائبر سیل نے تفتیش شروع کردی۔ تفتیش کے دوران سائبر سیل کو پتہ چلا کہ بڑی تعداد میں جعلی ویب سائٹس ہلدی رام کے نام پر چل رہی ہیں۔
| www[.]haldiramsfranchise[.]in www[.]haldiram-franchise[.]com www[.]haldiramdeal[.]com www[.]haldiram[.]online www[.]haldiramsfranchise[.]com www[.]haldiramdistributor[.]in |
اور یہ تمام ویب سائٹس ہلدی رام کی فرنچائز پیش کر رہی ہیں، نہ صرف یہ بلکہ تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملک بھر میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد ان جعلی ویب سائٹس کا شکار ہو ئے ہیں۔
یہ بھی پایا گیا کہ ان شاطر ٹھگوں نے دھوکہ دینے کے لیے 36 سے زائد اسمارٹ فون استعمال کئے۔اتناہی نہیں سائبر سیل کو کئی بینک اکاؤنٹس اور جعلی سم کارڈ کے بارے میں بھی معلومات ملی۔ اس کے بعد سائبر سیل کی ٹیم نے مشتبہ افراد کی شناخت کی۔سائبر سیل کی ٹیم کو پتہ چلا کہ ٹھگوں کا گروہ ہندوستان کے مختلف حصوں میں پھیلا ہوا ہے۔ 27 اگست کو ملک کی مختلف ریاستوں (نالندہ، فرید آباد، لدھیانہ اور دہلی) میں چھاپے مارتے ہوئے پولیس نے 4 ٹھگوں کو گرفتار کیا، جن کے نام وکاس مستری، ونئے وکرم سنگھ، ونود کمار اور سنتوش کمار ہیں۔
اگر سائبر سیل پر یقین کیا جائے تو اس گینگ کا ماسٹر مائنڈ وکاس مستری ہے۔ گرفتار ملزمان سے برآمد ہونے والے سامان کی جانچ کرنے کے بعد پتہ چلا کہ یہ گینگ نہ صرف ہلدی رام کی جعلی ویب سائٹ چلا رہی تھی بلکہ امول اور پتنجلی جیسے نامور برانڈز کی جعلی سائٹ بھی چلا رہی تھی۔ یہ ویب سائٹس پورے ہندوستان میں لوگوں کو دھوکہ دینے کے لیے استعمال کی جا رہی تھیں۔



