
سعودی عرب:60 سال سے زائدعمرکے افراد کو کورونا ویکسین کی تیسری خوراک لگانے کا اعلان
سعودی عرب نے 60 سال سے زائدعمرکے افراد کو کورونا ویکسین کی تیسری ڈوز لگانے کا اعلان کر دیا۔سعودی وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ مملکت میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو تقویت کے طور پر کووِڈ-19 ویکسین کی تیسری خوراک لگائی جائے گی۔ سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وبا آخری مراحل میں ہے۔وزارت نے تمام شہریوں اور مکینوں پر زوردیا ہے کہ وہ کورونا کی منظورشدہ ویکسین میں سے کسی ایک کی دونوں خوراکیں لگوائیں۔
سرحدوں پر ڈیوٹی انجام دینے والے سعودی فوجیوں کے لیے آب زمزم کا تحفہ
سعودی عرب میں حرمین شریفین کی عمومی صدارت کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے سرحدوں کی حفاظت پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں کے لیے تحائف اور آب زمزم کا تحفہ ارسال کیا ہے۔سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے تحائف اور آب زمزم روانہ کرتے وقت تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کی انتظامیہ اور تمام اہلکار وطن عزیز کے دفاع کے لیے سردھڑ کی بازی لگانے والے مملکت کے سپوتوں کیساتھ کھڑے ہیں۔
ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ سکیورٹی اہلکار سرحدوں کی حفاظت شیروں کی طرح کر رہے ہیں۔ یہ حرمین شریفین اور مسلمانوں کے مقامات مقدسہ کے پاسبان بنے ہوئے ہیں۔ انہیں سعودی قیادت سے لامحدود تعاون مل رہا ہے۔



