
ملائم سنگھ یادو اور اہل خانہ کیخلاف غیر متناسب اثاثہ جات کا معاملہ بند نہیں ہوگا: سپریم کورٹ
نئی دہلی،5دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) سپریم کورٹ اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی ملائم سنگھ یادو اور ان کے خاندان کے خلاف آمدن سے زائداثاثہ کیس کی سماعت جنوری میں کرے گی۔ اس معاملہ میں چیف جسٹس (سی جے آئی) ڈی وائی چندر چوڑ نے کہا ہے کہ ملائم سنگھ یادو اب نہیں رہے، لیکن خاندان کے دیگر افراد کے خلاف مقدمہ ابھی زیر التوا ہے۔ موسم سرما کی تعطیلات کے بعد کیس کی سماعت کریں گے، تاہم سماعت کے دوران یادو خاندان کی جانب سے سینئر وکیل کپل سبل نے کیس کی سماعت بند کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ 2019 میں سی بی آئی نے ایک حلف نامہ داخل کرتے ہوئے کہا کہ اس نے کیس کی تحقیقات بند کر دی ہے۔ اب اس معاملہ میں کچھ نہیں بچا۔ سپریم کورٹ نے اس کیس کو فی الحال بند کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اس کیس کی سماعت اب جنوری میں ہوگی۔ سپریم کورٹ فیصلہ کرے گی کہ کیس کی سماعت بند کی جائے یا نہیں۔ ساتھ ہی عرضی گزار کانگریس لیڈر وشوناتھ چترویدی نے اس کی مخالفت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سی بی آئی کے دستور کیخلاف ہے۔آمدن سے زائداثاثہ جات کے الزامات ثابت نہیں ہو سکے ۔دراصل اپریل 2019 میں اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی ملائم سنگھ یادو اور ان کے بیٹے اکھلیش یادو کو راحت دیتے ہوئے سی بی آئی نے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ ان کیخلاف آمدن سے زائد ثاثوں کے الزامات ثابت نہیں کئے جاسکے، اور اس نے 7 اگست 2013 کو ابتدائی انکوائری بند کر دی تھی۔



