بین ریاستی خبریں

راجستھان اسمبلی انتخابات کی تاریخ میں کمیشن نے تبدیلی کردی

الیکشن کمیشن نے راجستھان میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کی تاریخ میں تبدیلی کی ہے

نئی دہلی ، 11اکتوبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) الیکشن کمیشن نے راجستھان میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کی تاریخ میں تبدیلی کی ہے۔ ووٹنگ اب 23 نومبر کے بجائے 25 نومبر کو ہوگی۔ حال ہی میں الیکشن کمیشن نے 5 ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔ جس میں راجستھان میں 23 نومبر کو ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔تاہم الیکشن کمیشن نے اب شادیوں اور تہواروں کے حوالے سے ووٹنگ کی تاریخ تبدیل کردی ہے۔ تاریخ میں تبدیلی کے بارے میں کہا گیا ہے کہ دیوتھانی اکادشی کی وجہ سے ووٹنگ فیصد پر اثر پڑنے کا امکان تھا۔

اس حوالے سے کئی سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن کمیشن کو خط لکھا گیاتھا۔ راجستھان میں بھی اس دن بڑی تعداد میں شادیاں ہونے والی ہیں۔واضح ہوکہ گزشتہ انتخابات میں کانگریس نے ریاست میں کامیابی حاصل کی تھی۔ راجستھان میں اسمبلی کی 200 سیٹیں ہیں۔ ریاست میں اصل مقابلہ کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے درمیان ہے۔ گزشتہ انتخابات (2018) میں کل 200 سیٹوں میں سے کانگریس کو 99 اور بی جے پی کو 73 سیٹیں ملی تھیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button