نام بدل جاتا ہے، محبت باقی رہتی ہے، روس میں میکڈونلڈز نئے نام سے
ماسکو ،13جون :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)روس میں امریکہ کی مشہور فوڈ چین میکڈونلڈز کو ایک نئے نام کے ساتھ کھول دیا گیا ہے۔ خبر رساں اداے روئٹرز کے مطابق ماسکو میں کھولے جانے والے ریسٹورنٹس پر وکونسو اینڈ ٹوچکا Vkusno-i tochka لکھا گیا ہے جس کا اردو میں مطلب بنتا ہے ’مزیدار اور بس‘۔ایک بڑے نام کو ری برانڈ کر کے پیش کرنے کی وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ روسی عوام کے مغربی انداز میں زندگی گزارنے کا سلسلہ برقرار رہے۔ رپورٹ کے مطابق میکڈونلڈز نے روس کے یوکرین پر حملے کے بعد ملک سے نکلنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اپنے 850 ریسٹورنٹس فروخت کر دے گا۔ اتوار کو اس فوڈ کمپنی کی جانب سے ماسکو میں اپنے پہلے ریسٹورنٹس کو کھولا گیا جس نے میکڈونلڈز کو خریدا تھا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ تمام 850 آؤٹ لٹس کو کھولنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ماسکو کے علاقے پشکن ا سکوائر پر ایک بڑی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس سے یہی لگتا ہے کہ ہر موقع پر امریکی کمپنی کی کاپی کی گئی ہے۔وکسنو اینڈ ٹوچکا کے چیف ایگزیکٹیو اولیگ پیروئف کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہمارے گاہکوں کو معیار یا ماحول میں کسی قسم کا فرق محسوس نہ ہو۔
رپورٹ کے مطابق نیا نام ماضی کے ان روسیوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے رکھا گیا ہے جو مغربی اشیا کے استعمال کے عادی ہو چکے ہیں۔ ریسٹورنٹس کے سٹاف ممبرز کی یونیفارم پر لکھا گیا ہے ’وہی مسکراہٹیں‘۔اسی طرح یہ الفاظ بھی لکھے گئے ہیں ’نام بدل جاتا ہے، محبت باقی رہ جاتی ہے‘۔1990 میں جب پشکن اسکوائر پر پہلا میکڈونلڈز کھولا تھا، اس وقت بھی ملازمین کے چہروں پر ایسی ہی خوشی تھی جو آج بھی روسیوں کو یاد ہے۔32 سال قبل میکڈونلڈز کا آغاز روسی معیشت مغربی اشیا اور سروسز کی آمد کا اعلان بھی تھا۔



