لندن، 17اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)یورپ کی پرانی اور مشہور ہوائی کمپنی ال اٹالیا اپنے مالی بوجھ کو برداشت نہیں کر سکی اور انجام کار تحلیل کر دی گئی۔ اس کی جگہ نئی اطالوی قومی ایئر لائن ’اٹلی ایئر‘ کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔نئی اطالوی ہوائی کمپنی آئی ٹی اے (اٹالیہ ٹرانسپورٹو ایئرو) یا اٹلی ایئر کی اولین پرواز روانہ ہو گئی ہے۔
اردودنیا ایپ انسٹال کے لیے کلک کریں
نئی ہوائی کمپنی کی اولین پرواز جمعہ پندرہ اکتوبر کو روانہ کی گئی۔ اس نئی ہوائی کمپنی کوکم کرایوں والی ہوائی کمپنیوں کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔اس نئی ایئر لائن میں سابقہ قومی ہوائی کمپنی ال اٹالیا کے ایک چوتھائی ملازمین کو نوکریاں بھی دی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ فارغ شدہ ملازمین کو نئی ہوائی کمپنی میں ملازمت کی پیشکش کرنے کے لیے سابقہ ہوائی کمپنی کی یونینیں نئی انتظامیہ کے ساتھ مذاکراتی عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔چوہتر برس تک کمرشل فضائی پریشن جاری رکھنے والی اطالوی ہوائی کمپنی ال اٹالیا کو بین الاقوامی سطح پر شہرت حاصل تھی۔
ماضی کا حصہ بن جانے والی اس مشہور ہوائی کمپنی کی آخری پرواز جمعرات کو اپنی منزل پر پہنچی اور اس کے بعد ال اٹالیا کا آپریشن اپنے منطقی انجام کو پہنچ گیا اور کمپنی ماضی کا حصہ بن گئی۔سات دہائیوں سے زائد عرصے تک تمام براعظموں کے مختلف ممالک تک اڑان بھرنے والی ہوائی کمپنی دیوالیہ ہو گئی۔
دس ہزار سے زائد ملازمین رکھنے والی کمپنی پہلے خسارے کا شکار ہوئی، پھر قرضوں کا بوجھ بڑھتا گیا اورانجام کار یہی بوجھ اس کمپنی کے انہدام کا بڑا سبب بن گیا۔ال اٹالیا کو ملازمین کی ہڑتالوں اور مظاہروں کا بھی شدید سامنا رہا۔ سن 2002 کے بعد سے اگلے انیس برس یہ کمپنی خسارے کے ساتھ اپنا آپریشن جاری رکھے ہوئے تھی۔نئی اطالوی ہوائی کمپنی نے تحلیل ہونے والی ال اٹالیا کے برانڈ اور ویب سائیٹ کے حقوق نوے ملین یورو میں خریدے ہیں۔
اس ہوائی کمپنی نے اپنی پروازوں کے شیڈول کا بھی اعلان کر دیا ہے اور کمپنی انتظامیہ مزید پروازیں وقت کے ساتھ ساتھ متعارف کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔



