دبئی میں پہلے ’کیسینو‘ کی ہوگی تعمیر، لاگت تقریبا چار ارب ڈالر
امریکہ کی مشہور انٹرٹینمنٹ اور کیسینو آپریٹر کمپنی نے اعلان کیا
نیویارک، یکم مئی :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) امریکہ کی مشہور انٹرٹینمنٹ اور کیسینو آپریٹر کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ چار برسوں میں متحدہ عرب امارات کا پہلا ’گیمنگ‘ ریزورٹ کھول دیا جائے گا اور اس کی تعمیر پر 3.9 بلین ڈالر لاگت آئے گی۔وین ریزورٹس نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان جاری کیا ہے کہ دبئی میں غیر معمولی تفریح اور گیمنگ کی سہولیات میسر ہوں گی۔ اس بیان میں لفظ ”Casino‘‘ استعمال نہیں کیا گیا کیوں کہ تیل کی دولت سے مالا مال اس خلیجی ریاست میں اسلامی قوانین کے تحت جوا کھیلنا ممنوع ہے۔وین ریزورٹس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وین المرجان جزیرے پر ابتدائی تعمیراتی کام شروع ہو چکا ہے۔
یہ ان جزیروں میں سے ایک ہے، جو قدرتی نہیں ہیں اور دبئی حکومت نے خود تیار کروائے تھے۔کمپنی نے کہا ہے کہ پہلے اس کی تعمیر سن دو ہزار چھبیس میں مکمل ہونا تھی لیکن اب اسے سن دو ہزار ستائیس میں مکمل کیا جائے گا۔ اس ریزورٹ میں سپا کی سہولیات کے ساتھ ساتھ پندرہ سو کمرے اور 24 ڈائننگ اور لاؤنج ایریاز بھی بنائے جائیں گے۔علاوہ ازیں دنیا کے مہنگے ترین برانڈز اور شاپنگ سینٹروں کے ساتھ ساتھ رات کے’’لیزر اینڈ لائٹ شوز‘‘ بھی اس مقام کو پرکشش بنائیں گے۔
وین ریزورٹس کے سی ای او کریگ بلنگز نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم نے گزشتہ سال احتیاط سے منصوبہ بندی کرتے اور وین المرجان جزیرے کے تصور میں گزارا ہے، خاص غور کرتے ہوئے اس منفرد مقام کا انتخاب کیا گیا ہے۔مشہور امریکی کمپنی وین لاس ویگاس اور بوسٹن کے ساتھ ساتھ ہانگ کانگ کے قریب چینی علاقے میکاؤ میں کیسینو چلاتی ہے۔تاہم جاری ہونے والے بیان میں اس ’’گیمنگ‘‘ ریزورٹ کی دیگر سہولیات کی وضاحت نہیں کی گئی، نہ تو وین ریزورٹس اور نہ ہی راس الخیمہ کے میڈیا آفس نے اس حوالے کوئی مزید تبصرہ کیا ہے۔



