22 سال قبل لاپتہ ہونے والے امریکی کوہ پیما کی جمی ہوئی نعش دریافت
59 سالہ کوہ پیما 2002 میں پہاڑ سر کرنے کی مہم کے دوران اپنی ٹیم کے ہمراہ برفانی تودے کی زد میں آکر لاپتہ ہوگیا
پیرو، 10جولائی:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)پیرو میں 22 سال قبل لاپتہ ہونے والے امریکی کوہ پیما کی جمی ہوئی نعش مل گئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی امریکی ملک پیرو کی چوٹیاں سر کرنے کے لیے آنے والے اکثر کوہ پیما حادثوں کا شکار ہوجاتے ہیں جن میں سے ایک کوہ پیما ولیم اسٹامپفل پیرو میں Huascaran پہاڑ کی چوٹی سر کرنے گیا جو وہاں حادثے کا شکار ہوگیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 59 سالہ کوہ پیما 2002 میں پہاڑ سر کرنے کی مہم کے دوران اپنی ٹیم کے ہمراہ برفانی تودے کی زد میں آکر لاپتہ ہوگیا تھا جس کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن بھی کیا گیا لیکن ناکامی کا سامنا رہا۔پیرو پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پہاڑی سلسلے پر برف پگھلنے سے امریکی کوہ پیما کی جمی ہوئی نعش ملی جب کہ برف کی وجہ سے اس کے کپڑے، جوتے اور دیگر سامان سیمت پاسپورٹ بھی محفوظ رہا جس کے سبب پولیس کو شناخت کرنے میں مدد ملی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ بھی یہاں سے اٹلی کے کوہ پیما کی نعش برآمد ہوئی اور رواں سال مئی میں اسرائیلی کوہ پیما کی بھی ایک ماہ بعد نعش ملی تھی۔



