ہائی کورٹ نے پولیس سے جامعہ تشدد کے زیر التوا مقدمات کی تازہ ترین صورتحال بتانے کو کہا
نئی دہلی،28اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی ہائی کورٹ نے جمعرات کو دہلی پولیس کو ہدایت دی کہ وہ دسمبر 2019 میں جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی) یونیورسٹی میں تشدد کے واقعات سے متعلق معاملات کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرے۔ تشدد کے یہ واقعات شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف طلبہ کے احتجاج سے متعلق ہیں۔ہائی کورٹ نے کہا کہ پولیس اسے ٹرائل کورٹ میں جاری مقدمات کی صورتحال سے آگاہ کرے گی۔
اس میں عدالت میں دائر چارج شیٹ کی تعداد، چارجز فریم، ٹرائل شروع ہونے اور گواہوں کی تعداد سے متعلق معلومات شامل ہیں۔ابتدائی طور پر چیف جسٹس ڈی این پٹیل اور جسٹس جیوتی سنگھ کی بنچ نے دہلی پولیس کے وکیل سے پوچھاکہ نچلی عدالت میں ان مقدمات کی کیا حیثیت ہے۔
جیسے چارج شیٹ داخل، ٹرائل کاآغاز، گواہوں کی جانچ، وغیرہ۔پولیس کی طرف سے پیش ہوئے ایڈوکیٹ دھرو پانڈے نے کہا کہ وہ اس بارے میں معلومات حاصل کریں گے اور معلومات جمع کرنے کیلئے کچھ وقت مانگ رہے ہیں۔ہائی کورٹ نے پولیس کو وقت دیتے ہوئے معاملے کی مزید سماعت 23 دسمبر کومقرر کی ہے۔



