قومی خبریں

 ہندوستانی سفارت خانہ نے ہندوستانیوں کو فوری طور پر کیف چھوڑنے کا مشورہ دیا

نئی دہلی یکم مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)یوکرین میں ہندوستانی سفارت خانے نے تمام ہندوستانیوں بشمول طلباء کو ٹرین یا دستیاب دیگر ذرائع سے آج فوری طور پر کیف چھوڑنے کا مشورہ دیاہے۔

سفارت خانے نے ٹویٹ کیاہے کہ کیف میں ہندوستانیوں کو مشورہ دیاہے کہ تمام ہندوستانیوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ آج دستیاب ٹرین یا کسی دوسرے دستیاب ذرائع سے فوری طور پر کیف چھوڑ دیں۔

یوکرین پر روس کے حملے کے بعد جنگ زدہ ملک کی فضائی حدود بند ہونے کی وجہ سے ہندوستان رومانیہ، ہنگری، پولینڈ اور سلواکیہ کے ساتھ اپنی سرحدی چوکیوں کے ذریعے جنگ زدہ ملک سے اپنے شہریوں کو نکال رہا ہے۔یوکرین میں ہندوستانی سفارت خانے نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ دارالحکومت کیف کے ریلوے اسٹیشن پر پہنچ جائیں۔

کیف میں ہندوستانی سفارت خانے نے کہاہے کہ یوکرین کے دارالحکومت میں ہفتے کے آخر میں کرفیو ہٹا دیا گیا ہے اور ہندوستانی طلباء شہر چھوڑنے کے لیے ریلوے اسٹیشن جا سکتے ہیں۔سفارت خانے نے ٹویٹ کیاہے کہ کیف میں ویک اینڈ کرفیو ہٹا دیا گیا ہے۔

تمام طلباء کو مغربی حصوں تک پہنچنے کے لیے ریلوے اسٹیشن جانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ یوکرین ریلوے لوگوں کے انخلاء کے لیے خصوصی ٹرینیں چلا رہی ہے۔

اسی دوران وزارت خارجہ نے کہا کہ یوکرین میں مشکل اور پیچیدہ زمینی صورتحال کے باوجود وہ جنگ زدہ ملک سے ہر شہری کو واپس لائے گی۔وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے کہاہے کہ ہندوستان یوکرین سے ہر شہری کو واپس لائے گا۔ ایسی صورت حال میں (وہاں پھنسے ہوئے ہندوستانی) گھبرائیں نہیں،

وزارت خارجہ کی ٹیم سے رابطہ کریں اور براہ راست سرحد پر نہ آئیں۔چار سینئر وزراء کو مہم کو مربوط اور نگرانی کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس کے تحت مرکزی وزیر وی کے سنگھ پولینڈ میں، کرن رجیجو سلواکیہ میں، ہردیپ پوری ہنگری میں جب کہ جیوتی رادتیہ سندھیا رومانیہ اور مالڈووا میں کوآرڈینیشن کریں گے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ یوکرین کی پوری حکومتی مشینری تمام ہندوستانیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستانی فضائیہ کو انخلاء آپریشن کا حصہ بننے کو کہا ہے۔

حکومت مددکے بجائے پھنسے ہوئے شہریوں کو خودکفیل بننے کا مشورہ دے رہی ہے: کانگریس

کانگریس نے یوکرین میں ہندوستانی سفارت خانے کی طرف سے ہندوستانی شہریوں کو فوری طور پر کیف چھوڑنے کا مشورہ دینے کے بعد منگل کو مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ جنگ زدہ ملک میں پھنسے ہوئے ہزاروں ہندوستانی شہریوں کی مدد کرنے کے بجائے، انہیں خود کفیل بننے کا مشورہ دیا گیاہے۔

پارٹی کے چیف ترجمان رندیپ سرجے والانے ٹویٹ کیاہے کہ زندگی اور موت کے درمیان ہزاروں ہندوستانیوں کو مشورہ، ان کی مدد کرنے کے بجائے، صرف خودکفیل بنایاجارہاہے۔پچھلے 5 دنوں سے مودی سرکار صرف یوکرین میں ہزاروں بچوں کو یہاں سے وہاں بھگا رہی ہے؟

تباہی کے عالم میں کیسے نکلیں گے، فاصلے کیسے طے کریں اور کہاں جائیں؟

کب سے بچوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہو؟اہم بات یہ ہے کہ یوکرین میں ہندوستانی سفارت خانے نے منگل کو تمام ہندوستانی شہریوں بشمول طلباء کو ٹرین یا دستیاب کسی بھی دوسرے ذرائع سے فوری طور پر کیف چھوڑنے کا مشورہ دیاہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button