حیدرآباد 6 نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) مردہ شخص کی شام میں آخری رسومات ادا کی گئی تاہم وہ رات دیرگئے زندہ گھر واپس ہوگیا۔اس کو دیکھ کر اس کے ارکان خاندان پر سکتہ طاری ہوگیا۔دوسری طرف بیٹے کی جدائی کے غم سے نڈھال ماں کی خوشی کاکوئی ٹھکانہ نہ رہا۔
یہ واقعہ تلنگانہ کے بھدرادری کوتہ گوڑم ضلع کے لنگاپورم پاڈو علاقہ میں پیش آیا۔اس دیہات سے تعلق رکھنے والے پرساد نامی شخص کی پانچ دن سے کوئی اطلاع نہیں تھی کیونکہ وہ لاپتہ ہوگیا تھا۔
چار دن پہلے اس کی ماں چندرماں نے پولیس سے اس خصوص میں شکایت کی تھی جس کے بعد پولیس نے اس کی گمشدگی کا معاملہ درج کرلیاتھا۔اسی دوران تالی پیروپراجکٹ میں ایک شخص کی لاش پائی گئی۔مقامی افراد نے اس کی اطلاع پولیس کو دی جس کے بعد پولیس نے پرساد کے گھروالوں سے اس کی شناخت کروائی۔اس کے ارکان خاندان نے پرساد کے طورپر اس کی شناخت کرلی۔
پولیس نے بعد ازاں پوسٹ مارٹم کے بعد نعش کو ان کے حوالے کردیااور پرساد کے ارکان خاندان نے اس نعش کو پرساد کی لاش سمجھ کر اس کی آخری رسومات بھی انجام دے دی تاہم جس شام آخری رسومات انجام دی گئی اسی شب کو پرساد گھر پہنچ گیا۔اس کے گھر پہنچنے پر اس کے ارکان خاندان حیرت زدہ ہوگئے۔
اس کی ماں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا۔دوسری صبح اس کے ارکان خاندان نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر سارے واقعہ سے واقف کروایا۔پولیس اب اس بات کی جانچ کررہی ہے کہ جس شخص کی آخری رسومات پرساد سمجھ کر انجام دی گئی تھی، وہ کون تھا؟



