مدرسہ دارالسلام میں اجلاس دستاربندی 9مارچ کو
اس موقع پرعلاقہ وقرب جوارکے علاوہ دیگرعلاقوں کی عوام وخواص سے بھی شرکت کی اپیل کی گئی ہے
مونگیریکم فروری(پریس ریلیز) مدرسہ دارالسلام اکرام نگر،بینی گیر،مونگیر کا دوسرا اجلاس دستاربندی مؤرخہ 9 مارچ 2023،بروز جمعرات بعد نماز مغرب منعقد ہوگا۔ان شاء اللہ۔ اس موقعہ پر آٹھ حفاظ کرام کے سروں پر اکابر علمائے کرام کے ہاتھوں دستار باندھی جائے گی۔یہ اجلا س مفکرملت حضرت مولانا احمدولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم سجادہ نشیں خانقاہ رحمانی مونگیر، امیرشریعت امارت شرعیہ بہاراڈیشہ وجھارکھنڈ،سرپرست جامعہ رحمانی مونگیر،رکن عاملہ آل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈکی صدارت میں منعقدہوگاجس میں دیگراکابرین علمائے کرام کی بھی شرکت ہوگی۔
اس موقع پرعلاقہ وقرب جوارکے علاوہ دیگرعلاقوں کی عوام وخواص سے بھی شرکت کی اپیل کی گئی ہے تاکہ حفظ قرآن کی سعادت سے بہرہ ورہونے والے بچوں اوران کے اہل خانہ اورمدرسہ کے ذمہ داران کی حوصلہ افزائی ہو۔نیزمدرسہ کی ترقی کا اپنی آنکھوں سے مشاہدہ کریں۔اس موقع پراہل خیرحضرات سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اجلاس کوکامیاب بنانے کے لیے وسائل میں تعاون کریں اورادارہ کاتعاون کرکے قرآن مجیدکی تعلیم اوردین وشریعت کی حفاظت واشاعت کاذریعہ بنیں۔
مدرسہ کے مہتمم مولاناقمرالزماں رحمانی نے مزیدتفصیل بتاتے ہوئے کہاکہ یہ اجلاس مدرسہ دارالسلام کادوسرااجلاس دستاربندی ہے،اس کا پہلا اجلاس دستاربندی 8مارچ 2020کو امیر شریعت سابع مفکراسلام حضرت مولانا محمدولی رحمانی ؒ کی صدارت میں منعقدہواتھاجس میں 11حفاظ کرام کی دستاربندی ہوئی تھی ۔بلکہ اس ادارہ کاافتتاح حضرت امیرشریعت سابع مفکراسلام مولانا محمد ولی رحمانی علیہ الرحمہ کے ہاتھوں ہواتھا۔ آپ اس ادارہ کی سرپرستی فرماتے تھے۔اب موجودہ امیرشریعت دامت برکاتہم کی رہنمائی میں یہ مدرسہ ترقی کررہاہے۔ اس ادارہ کا قیام اس علاقہ کی بڑی ضرورت ہے۔جس سے علم کی شمع روشن ہورہی ہے۔حضرتؒ نے بڑی دعائوں سے نوازاتھاجس کے ثمرات ظاہرہورہے ہیں اورالحمدللہ آٹھ حفاظ کرام کی دستاربندی ہونے جارہی ہے۔اس ادارہ کاقیام 2015میں عمل میں آیا۔اس قلیل عرصہ میں اللہ کی مدد،اہل خیرکے تعاون اوربزرگوں کی دعاء سے یہ ادارہ تناوردرخت بن رہاہے اورمستقل ترقی کی جانب گامزن ہے۔
ابھی مدرسہ میں تعمیری کام بھی جاری ہیں،اہل خیرحضرات سے اپیل کی جاتی ہے کہ تعمیری کاموں میں بھی تعاون کریں تاکہ دین متین کی حفاظت میں لگے علماء وطلبہ کو زیادہ سے زیادہ سہولیات پہونچائی جاسکیں۔
مولاناقمرالزماں رحمانی نے مزیدبتایاکہ دارالاقامہ کی تعمیرہوچکی ہے۔مزیددرسگاہ کے لیے مستقل عمار ت کی تعمیرکے لیے دستیاب زمین پرجلدتعمیرکاارادہ ہے،ظاہرہے کہ اتنے بڑے بجٹ کے لیے اہل خیرکے تعاون کی شدیدضرورت ہے۔الحمدللہ بڑی تعدادمیں طلبہ کی کفالت بھی مدرسہ کے ذمہ ہے۔یہ تمام اخراجات اہل خیرکے تعاون سے پورے ہوتے ہیں۔اللہ نے جنہیں ثروت سے نوازاہے ،وہ صدقہ جاریہ کی نیت سے ادارہ کابھرپورتعاون کریں ۔اللہ تعالیٰ اجر عظیم سے نوازیں گے ۔آمین۔
اہل خیرحضرات اس فون پے نمبرپر رقم بھیج کراطلاع کرسکتے ہیں۔9570283804۔ مجلس منتظمہ اور اساتذہ کرام نے اجلاس دستاربندی کی تیاری شروع کردی ہے۔اجلاس میں بڑی تعدادمیں مدرسہ کے وابستگان اور عوام الناس کی شرکت کی توقع ہے۔یہ اطلاع مدرسہ دارالسلام اکرام نگربینی گیرمونگیرکے اساتذہ مولانا عبدالمالک قاسمی اورحافظ محمدثناء اللہ رحمانی نے میڈیا کو جاری کی ہے ۔



