
نئی دہلی ، 16 جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) دہلی میں اپنے والد کی پٹائی کا بدلہ لینے کے لیے ایک نابالغ نے دیسی ساختہ پستول سے ایک 36 سالہ شخص پر گولی چلائی، جو اس کی دائیں آنکھ پر لگی۔ معاملہ کی جانچ کرتے ہوئے پولیس نے 4 نابالغ ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ یہ واقعہ جمعہ کے روز شمال مغربی دہلی کے جہانگیر پوری علاقہ میں پیش آیا۔ڈپٹی کمشنر آف پولیس اوشا رنگنانی نے کہا کہ جہانگیر پوری پولیس اسٹیشن میں 15 جولائی کی شام تقریباً 5:15 بجے ایک پی سی آر کال موصول ہوئی جس میں بتایا کہ جاوید نامی شخص کو گولی لگی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمی شخص کو فوری طور پر بابو جگ جیون رام میموریل اسپتال لے جایا گیا، جہاں سے اسے اعلیٰ مرکز میں ریفر کر دیا گیا۔ فی الحال متاثرہ کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔متاثرہ نے پولیس کو بتایا کہ شام تقریباً 4.45 بجے وہ ایچ-3 بلاک کے پارک کے پاس موجود تھا۔ تین نابالغ لڑکے وہاں آئے اور ان میں سے ایک نے اس کے چہرے کو نشانہ بنا کر فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے۔ متأثرہ شخص گولی دائیں آنکھ میں لگی۔متاثرہ کے بیان کی بنیاد پر پولیس نے دفعہ 307 (اقدام قتل) کے تحت مقدمہ درج کیا اور چار نابالغوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ان کے پاس سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔ ڈی سی پی نے کہاکہ متأثرہ شخص نے انکشاف کیا کہ اس نے تقریباً 7 ماہ قبل گرفتار نابالغ لڑکوں میں سے ایک کے والدکے ساتھ پٹائی کی تھی، جس کا اس نے آج بدلہ لیا ہے ۔



