سرورققومی خبریں

نصراللہ گنج کا نام شیوراج حکومت نے ’بھیروندا‘ میں بدل دیا

بی جے پی حکومتوں کا مختلف شہروں اور یادگاروں کے قدیمی نام تبدیل کرنے کا سلسلہ لگاتار جاری

بھوپال،2اپریل:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) بی جے پی حکومتوں کا مختلف شہروں اور یادگاروں کے قدیمی نام تبدیل کرنے کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ اسی ضمن میں اب مدھیہ پردیش کی شیوراج حکومت نے تاریخی حیثیت کے حامل نصراللہ گنج کا نام ’ریاست بھوپال‘ کے نواب خاندان سے جدا کر دیا ہے۔حکومتی احکامات کے مطابق اب اسے بھیروندا Bherunda کے نام سے پہچانا جائے گا۔خیال رہے کہ بھیروندا سیہور ضلع کے بودھنی اسمبلی حلقہ میں آتا ہے اور وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان یہیں سے رکن اسمبلی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ سے منظوری حاصل ہونے کے ساتھ ہی ریاستی حکومت نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اعلان کر دیا کہ اب نصراللہ گنج کا نام بھیروندا کر دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے گزشتہ دنوں نام کی تبدیلی کا اعلان کیا تھا۔ نصراللہ گنج کسی زمانے میں بھوپال کی شاہی ریاست کا حصہ تھا اور نواب خاندان کے ایک فرد کا نام نصراللہ خان تھا۔ بھوپال کی بیگم سلطان کے دو بیٹے تھے اور انہوں نے جو علاقہ بطور جاگیر بڑے بیٹے نصراللہ خان کو دیا تھا اسی کا نام نصراللہ گنج تھا۔واضح رہے کہ اس سے پہلے ریاستی حکومت نے ہوشنگ آباد کا نام بدل کر نرمداپورم کر دیا تھا جبکہ بھوپال میں واقع اسلام نگر کا نام بدل کر جگدیش پور کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button