بین الاقوامی خبریںسرورق

مغربی کنارے میں آپریشن جاری، اسرائیلی فوج نے لڑائی کا میدان قرار دیا

روٹی کی قطار میں کھڑے اسرائیلی حملے میں 8 نہتے فلسطینی شہید

مقبوضہ بیت المقدس، 3ستمبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)مغربی کنارے میں تقریبا ایک ہفتے سے اسرائیلی فوج کا وسیع آپریشن جاری ہے۔ آج منگل کے روز نابلس شہر کے مشرق میں بلاطہ کیمپ اور جنین کے جنوب میں مثلث الشہداء گاؤں پر دھاوا بولا گیا۔ علاوہ ازیں طولکرم پناہ گزین کیمپ کو بم باری کا نشانہ بنایا گیا۔اسرائیلی اخبار ‘یسرائیل ہیوم’ کے مطابق مغربی کنارے میں حالیہ حالات نے اسرائیلی سیکورٹی اداروں کو اسے غیر ثانوی جنگی میدان قرار دینے پر مجبور کر دیا ہے۔ اخبار نے مزید بتایا کہ اسرائیلی فوج مغربی کنارے میں اپنی پالیسی تبدیل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ فوج کے نزدیک اس کے علاقے فوجی سیکورٹی آپریشنز کا میدان بن چکے ہیں۔اسرائیلی فوج نے پیر کی شام اعلان کیا تھا کہ مغربی کنارے کے شمال میں متعدد شہروں، پناہ گزین کیمپوں اور دیہات میں کیا جانے والا آپریشن میدانی صورت حال کے جائزے کے مطابق مزید کچھ روز جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے گذشتہ بدھ کے روز مغربی کنارے میں ایک وسیع فوجی آپریشن شروع کیا تھا۔ یہ 2002 کے بعد مغربی کنارے میں سب سے بڑی عسکری کارروائی ہے۔ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ ایران کی حمایت یافتہ مسلح جماعتیں شہری اہداف کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔آپریشن میں سیکڑوں اسرائیلی فوجی شریک ہیں۔کارروائی میں انھیں ڈرون طیاروں اور لڑاکا ہیلی کاپٹروں کی معاونت حاصل ہے۔ اس کے سبب جنین اور اس کے نزدیک واقع پناہ گزین کیمپ میں گھروں اور بنیادی ڈھانچے کو بھاری نقصان پہنچا۔حالیہ آپریشن میں اب تک 29 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔

حماس اور جہاد اسلامی سمتی مسلح گروپوں نے بتایا ہے کہ مرنے والوں میں اکثریت ان کے کارکنان کی ہے۔ فلسطینی طبی حکام کے مطابق زخمیوں کی تعداد 121 تک پہنچ گئی ہے۔گذشتہ برس سات اکتوبر کو غزہ کی پٹی میں جنگ چھڑنے کے بعد سے مغربی کنارے میں بھی صورت حال خراب ہو گئی ہے۔ فلسطینی سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سات اکتوبر کے بعد سے اب تک مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج اور اسرائیلی آباد کاروں کی فائرنگ سے کم از کم 640 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔

روٹی کی قطار میں کھڑے اسرائیلی حملے میں 8 نہتے فلسطینی شہید

 اسرائیلی فوج نے غزہ کے جبالیہ کیمپ میں روٹی کے لیے قطار میں لگے افراد کو نشانہ بناکر مزید 8 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے جبالیہ کے امدادی مرکز پر روٹی کیلیے قطار میں لگے افراد کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 8 اور اسرائیلی حملوں میں مجموعی طور پر 50 فلسطینی شہید ہوگئے۔دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے پر کئی روز سے جاری آپریشن کے دوران اسرائیلی فوج نے صحافیوں پر بھی حملے کیے ہیں۔گزشتہ روز مقبوضہ مغربی کنارے پراسرائیلی آپریشن میں اسلامی جہاد کے ارکان سمیت 29 فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button