

نیویارک:(ایجنسیاں) برازیل میں حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کا پائلٹ 36روز بعد زندہ مل گیا۔ذرائع کے مطابق رواں سال جنوری میں برازیل کے جنگلات میں ایک انجن والا طیارہ سیسنا 210پرواز کے دوران فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
ریسکیو ٹیموں نے طیارے کا ملبہ تو تلاش کر لیا تھا لیکن پائلٹ کو کچھ معلوم نہیں ہو سکا تھا۔حادثے کے 36روز بعد جنگلات میں پائلٹ کا معلوم ہوا تو اسے فوری ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کر لیا گیا۔خوش قسمت پائلٹ اینتھونی سینا نے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ طیارے کی خرابی کا اندازہ ہونے کے بعد طیارے سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی تھی اور پیرا شوٹ کی مدد سے ایمازون کے جنگلات میں بحفاظت اتر گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جنگل میں 36 روز تک ادھر ادھر بھٹکتا رہا اور بھوک مٹانے کے لیے پودے اور پرندوں کے انڈے کھاتا رہا۔واضح رہے کہ برازیل میں طیارے کو حادثے کے بعد پائلٹ کی تلاش کے لیے کئی روز تک آپریشن کیا گیا لیکن کوئی کامیابی نہ ملنے پر پائلٹ کو ہلاک قرار دے دیا گیا تھا۔جنگل سے لکڑیاں جمع کرنے والے شہریوں نے پائلٹ کو دیکھ کر حکام کو آگاہ کیا جس کے بعد اسے ریسکیو کر کے اسپتال منتقل کیا گیا۔



