نئی دہلی ، 20ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کانگریس کے قومی صدر کے انتخاب کا عمل 22 ستمبر سے شروع ہوگا۔ پارٹی کا اگلا صدر کون ہوگا اس تناظر میں کئی دنوں سے ابہام برقرار ہے۔ کانگریس کی کئی ریاستی اکائیوں نے ایک قرارداد پاس کر کے راہل گاندھی کو پارٹی صدر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاہم راہل گاندھی کے کانگریس صدر کا انتخاب نہ لڑنے کی تصویر واضح ہوتی جارہی ہے۔کانگریس ذرائع کے مطابق راہل گاندھی بھارت جوڑو یاترا کے درمیان سے واپس نہیں آئیں گے۔ اس وقت یہ یاترا کیرالہ میں ہے۔یہ یاترا 29 تاریخ کو کرناٹک میں داخل ہوگی۔ کانگریس کی یہ یاترا 150 دنوں میں مکمل ہوگا۔
کانگریس صدر کے لیے نامزدگی کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے۔ نامزدگی کے لیے امیدوار کا ذاتی طور پر حاضر ہونا ضروری ہے۔ ایسے میں یہ واضح ہے کہ تمام ریاستی کمیٹیوں کی تجویز کے باوجود راہل گاندھی صدر کے عہدے کے لیے نامزدگی نہیں کریں گے۔کانگریس کی کئی ریاستی اکائیوں بشمول جموں و کشمیر، تمل ناڈو، مہاراشٹر، گجرات، راجستھان نے راہل گاندھی کو پارٹی کا قومی صدر بنانے کی قرارداد منظور کی ہے۔ کانگریس کے قومی صدر کا انتخاب لڑنے کے لیے کئی لیڈروں کے نام بھی سامنے آ رہے ہیں۔
اسی دن کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے سونیا گاندھی سے ملاقات کی اور الیکشن لڑنے کی خواہش ظاہر کی۔ وہیں راجستھان کے سی ایم اشوک گہلوت کے الیکشن لڑنے کے اشارے ملے ہیں۔ اس کے علاوہ آج تنظیم کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے بھی سونیا گاندھی سے ملاقات کی ہے۔اس سے قبل کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا کے دوران راہل گاندھی کے الیکشن لڑنے پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔
جس پر انہوں نے کہا تھا کہ میں کانگریس کا صدر بنوں گا یا نہیں، یہ اس وقت واضح ہو گا جب صدر کے عہدے کے لیے انتخابات ہوں گے۔ خیال رہے کہ الیکشن سے متعلق نوٹیفکیشن 22 ستمبر کو جاری کیا جائے گا، نامزدگی کا عمل 24 سے 30 ستمبر تک جاری رہے گا۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 8 اکتوبر ہے۔ پولنگ 17 اکتوبر کو ہوگی اور نتائج کا اعلان 19 اکتوبر کو کیا جائے گا۔



