بین ریاستی خبریں

یوپی میں گاؤں اور تحصیل کے تبدیلی نام کا سلسلہ جاری

’ تیلیا افغان‘ اور’منڈیرا بازار‘ کا نام تبدیل، وزارت داخلہ کی منظوری

لکھنؤ،27دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)مرکزی وزارت داخلہ نے اتر پردیش حکومت کی سفارشات کے بعد ریاست میں دو جگہوں کے نام تبدیل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ حکام نے منگل کو اس کی اطلاع دی۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ گورکھپور ضلع میں میونسپل کونسل ’منڈیرا بازار‘ کا نام بدل کر چوری چورا اور دیوریا ضلع میں تیلیا افغان گاؤںکا نام تیلیا شکلا رکھ دیا گیا ہے۔ وزارت نے کمپنی کا نام تبدیل کرنے کے لیے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ جاری کیا ہے۔ عہدیدار نے کہا کہ وزارت داخلہ متعلقہ ایجنسیوں سے مشاورت کے بعد موجودہ رہنما خطوط کے مطابق نام کی تبدیلی کی تجاویز پر غور کرتی ہے۔ اہلکار نے مزید کہا کہ کسی گاؤں، قصبے یا شہر کا نام تبدیل کرنے کے لیے ایگزیکٹو آرڈر کی ضرورت ہوتی ہے۔

اہلکار نے کہا کہ کسی ریاست کا نام تبدیل کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں سادہ اکثریت کے ساتھ آئینی ترمیم کی ضرورت ہوتی ہے۔ خیال رہے کہ 2017 کے بعد جب سے یوگی آدتیہ ناتھ کی اتر پردیش میں حکومت آئی ہے، کئی جگہوں کے نام تبدیل کردیئے گئے ہیں، اور ناموں کی تبدیلیوں کا نشانہ مسلم شناخت والے مقامات بن رہے ہیں ۔ مثال کے طور پر الٰہ آباد کا نام بدل کر پریاگ راج اور مغل سرائے ریلوے اسٹیشن کا نام بدل کر دین دیال اپادھیائے کر نا ہے۔ جب کہ علی گڑھ کا نام بھی ممکنہ طور پربدلاجا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button