نئی دہلی،19ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) کابل ہوائی اڈہ پر اگست میں بمباری کرکے ایک ساتھ 13 امریکی فوجیوں سمیت تقریباً 200 لوگوں کی جان لینے کے ملزم ایک خودکش حملہ آور کی شناخت پانچ سال پہلے ہندوستان میں گرفتار ایک مشتبہ افغانی دہشت گرد کے طور پر کئے جانے کے دعوے سے متعلق خبروں کے بعد ہندوستان کی سیکورٹی ایجنسیوں کے کان کھڑے ہوگئے ہیں۔
دہلی پولیس کے ڈپٹی کمشنر (کرائم برانچ) اور ترجمان چنمے بسوال نے اتوار کو یو این آئی کو بتایا کہ راجدھانی دہلی اور ملک کی سیکورٹی پر خطرہ کی ہر خبر کے تئیں الرٹ برتی جا رہی ہے۔ اس معاملہ میں متعلقہ شاخوں کی طرف سے اعلی سطحی جائزہ کے بعد ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہلی پولیس نے حالیہ دنوں میں کئی مشتبہ دہشت گردوں اور انہیں مدد فراہم کرنے والے لوگوں کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ یقینا اس طرح کی کوششیں مسلسل جاری رہیں گی اور کسی بھی ناپاک منصوبہ کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔چنمے بسوال نے کہا کہ دہلی پولیس اپنی مختلف شاخوں کے علاوہ وقت وقت پر مرکزی سیکورٹی ایجنسیوں کی طرف سے دستیاب کرائی گئی خفیہ معلومات کی بنیاد پر اقدامات میں ضروری تبدیلی کرتی ہے۔
ہوائی اڈہ، ریلوے اسٹیشنوں، میٹرو اسٹیشنوں سمیت تمام حساس مقامات کی سخت حفاظت نگرانی ایک معمول کا کام ہے لیکن کسی خاص اطلاع کے بعد مزید الرٹ ہو جاتے ہیں۔



