وارانسی14مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) اتر پردیش کے وارانسی ضلع میں گیان واپی مسجد کمپلیکس کے سروے-ویڈیو گرافی کا کام سخت سیکورٹی کے درمیان ہفتہ کی صبح دوبارہ شروع ہوا اور اتوار کو بھی جاری رہے گا۔ حکام نے یہ جانکاری دی ہے۔وارانسی کے پولس کمشنر اے ستیش گنیش نے بتایاہے کہ سروے کا کام پرامن طریقے سے جاری ہے۔ کسی بھی فریق نے کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی ہے۔ سب کچھ عام ہے۔ ہم (پولیس کمشنر اور ضلع مجسٹریٹ) سروے کے کام کی قریب سے نگرانی کر رہے ہیں۔گنیش نے کہاہے کہ آج کا سروے مکمل ہو گیا ہے۔ کل (اتوار) اسے ایک بار پھر شروع کر دیا جائے گا۔اس سے پہلے ہفتہ کی صبح وارانسی کے ضلع مجسٹریٹ کوشل راج شرما نے بتایاہے کہ مجاز افراد بشمول تمام فریق، ان کے وکیل، ایڈوکیٹ کمشنر اور ویڈیو گرافر، موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
گیانواپی مسجد کے احاطے میں سروے شروع ہو گیا ہے۔سنیچر کو گیانواپی مسجد کمپلیکس کی حفاظت کے لیے 1500 سے زیادہ پولیس اہلکار اور پی اے سی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔حکام کے مطابق گیان واپی مسجد کمپلیکس کے 500 میٹر کے اندر لوگوں کی نقل و حرکت روک دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ پولیس نے گودولیہ اور میداگین علاقوں سے گاڑیوں کی نقل و حرکت پر بھی پابندی لگا دی ہے۔
گیان واپی مسجد کے احاطے میں داخل ہونے سے پہلے، ایڈوکیٹ مدن موہن یادو نے ہندو فریق کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے کہاہے کہ ایڈوکیٹ کمشنر اجے مشرا نے سروے ٹیم کے تمام اراکین کو صبح 7.30 بجے وشوناتھ مندر کمپلیکس کے گیٹ نمبر 4 پر موجود ہونے کی ہدایت دی تھی۔حکام کے مطابق احاطے کی ویڈیو گرافی کے لیے خصوصی لائٹنگ اورکیمروں کا انتظام کیاگیاہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سروے ٹیم مدعی، مدعا علیہ، کیس سے منسلک وکیل، ایڈووکیٹ کمشنر اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ کمشنر پر مشتمل ہے۔



