لندن، 21اگست :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)رپورٹوں کے مطابق ایک حالیہ پرواز پر دونوں پائلٹ اتنی گہری نیند میں تھے کہ انہیں لینڈنگ کے وقت کا پتا ہی نہ چلا اور جہاز ایئرپورٹ سے بھی آگے نکل گیا۔براعظم افریقہ کی سب سے بڑی ایتھوپین ایئر لائنز نے اپنے دو پائلٹوں کو معطل کر دیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ مذکورہ پائلٹ دوران پرواز گہری نیند سو گئے تھے اور یوں وہ لینڈنگ بھی نہ کر پائے۔ اس واقعے میں کوئی زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔ بعد ازاں جہاز با حفاظت لینڈ کر گیا۔ایتھوپین ایئر لائنز کی ایک پرواز کے ساتھ یہ واقعہ گزشتہ پیر کو پیش آیا۔ پرواز ET343 سوڈانی دارالحکومت خرطوم سے ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا کے لیے روانہ تھی کہ اس کے دونوں پائلٹ دوران پرواز سو گئے۔
رپورٹ کے مطابق دونوں پائلٹس کی آنکھ اس وقت کھلی، جب آٹو پائلٹ موڈ ڈس کنیکٹ ہوا اور خطرے کی گھنٹی بجنے لگی۔ اس پرواز کو ادیس ابابا کے بولے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اترنا تھا۔ فلائٹ ڈیٹا کے تجزیے سے پتا چلتا ہے کہ جہاز پچیس منٹ کے تاخیر کے بعد اس مقام پر پہنچا، جہاں اسے لینڈ کرنا تھا۔قبل ازیں جمعے کو ایتھوپین ایئر لائنز نے بیان جاری کیا تھا کہ پرواز ET343 کا کنٹرول ٹاور کے ساتھ رابطہ منقطع ہو گیا تھا اور اس کی بحالی کے بعد پرواز بحفاظت لینڈ کرنے میں کامیاب رہی۔ ایئر لائن نے اپنے بیان میں یہ نہیں کہا کہ پائلٹ سو گئے تھے، صرف یہ کہا گیا کہ مذکورہ عملے کو آپریشنز سے ہٹا دیا گیا ہے اور معاملے کی تفتیش کی جائے گی۔‘



