نیویارک،28اپریل :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) امریکہ نے روسی ملٹری انٹیلی جنس سے تعلق رکھنے والے چھے مفرور ایجنٹوں کے بارے میں ایسی سکہ بند معلومات، جو ملزمان کی گرفتاری پر منتج ہو، فراہم کرنے والوں کو 10 ملین ڈالر کا انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ ان اشتہاریوں پر الزام تھا کہ انہوں نے 2017 میں دنیا بھر کی کمپنیوں کے خلاف تباہ کن سائبر حملے کر کے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا تھا۔گذشتہ اکتوبر میں امریکہ کی ایک وفاقی عدالت میں گرینڈ جیوری نے روسی ملٹری انٹیلی جنس یونٹ (74455) کے ایجنٹوں پر یوکرین کے پاور گرڈ پر سائبر حملوں کے سلسلے میں ان کے کردار پر فرد جرم عائد کی۔
امریکی محکمہ خارجہ ان افراد پر 2017 میں سائبر حملے میں ملوث ہونے کا الزام بھی لگاتا آیا ہے جس نے دنیا بھر میں متعدد کمپنیوں کو نشانہ بنایا اور امریکہ بھر کے اسپتالوں کے کمپیوٹرز کو نقصان پہنچایا، جس سے ایک اندازے کے مطابق 1 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ روس میں مشتبہ افراد کی ممکنہ موجودگی کی وجہ سے ان کی حوالگی کی درخواست جمع کرانا ممکن نہیں ہے جبکہ کریملن نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں روس مخالف مہم قرار دیا ہے۔روسی ملٹری انٹیلی جنس پر دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر سائبر حملوں کا الزام لگایا گیا ہے، جن میں سے کچھ کا تعلق 2016 میں امریکی صدارتی مہم سے تھا۔



