قومی خبریں

امریکہ 2022-23 میں ہندوستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر بن گیا

امریکہ مالی سال 2022-23 میں ہندوستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار بن کر ابھرا

نئی دہلی،16 اپریل:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) امریکہ مالی سال 2022-23 میں ہندوستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار بن کر ابھرا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکہ اور ہندوستان کے درمیان تعلقات گزشتہ چند برسوں کے دوران مزید مضبوط ہوئے ہیں۔وزارت تجارت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تجارت 7.65 فیصد بڑھ کر مالی سال 2022-23 میں 128.55 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے جو کہ 2021-22 میں 119.5 بلین ڈالر تھی۔ وہیں، 2020-21 میں یہ $80.51 بلین تھی۔ امریکہ کے ساتھ امپورٹ اور ایکسپورٹ دونوں میں اضافہ ہوا۔وزارت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، مالی سال 2022-23 میں امریکہ کو ہندوستان کی برآمدات 2.81 فیصد بڑھ کر 78.31 بلین ڈالر ہو گئی ہیں، جو 2021-22 میں 76.18 بلین ڈالر تھیں۔

اس کے ساتھ ساتھ درآمدات 16 فیصد بڑھ کر 50.24 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ 2022-23 میں امریکہ کے ساتھ ہندوستان کا تجارتی سرپلس $28 بلین رہا ہے۔ 2022-23 میں ہندوستان اور چین کے درمیان کاروبار میں کمی آئی ہے۔ یہ 1.5 فیصد گر کر 113.83 بلین ڈالر تک پہنچ گیا ہے، جب کہ 2021-22 میں یہ تعداد 115.42 بلین ڈالر رہی۔2022-23 میں چین کو ہندوستان کی برآمدات 2021-22 کے مقابلے میں 28 فیصد کم ہوکر 15.32 بلین ڈالر ہوگئی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ درآمدات 4.16 فیصد اضافے سے 98.51 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ چین کے ساتھ ہندوستان کا تجارتی خسارہ 2022-23 میں بڑھ کر 83.2 بلین ڈالر ہو گیا ہے جو کہ 2021-22 میں 72.91 بلین ڈالر تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button