بین الاقوامی خبریں

یوکرینی جنگ سے متعلق خفیہ دستاویزات کی مبینہ لیک

امریکی محکمہ انصاف یوکرین کے لیے امریکی عسکری مدد سے متعلق خفیہ معلومات کی مبینہ لیک کی تفیش کر رہا ہے

واشنگٹن،8پریل :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)امریکی محکمہ انصاف یوکرین کے لیے امریکی عسکری مدد سے متعلق خفیہ معلومات کی مبینہ لیک کی تفیش کر رہا ہے۔ یہ خفیہ معلومات آن لائن دیکھی گئی ہیں جب کہ یوکرین نے اسے روسی پرپیگنڈہ قرار دیتے ہوئے مسترد کیا ہے۔امریکی محکمہ دفاع نے پینٹاگون کے ان خفیہ دستاویزات کیمبینہ لیک سے متعلق تفتیش کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ یہ دستاویزات مختلف سوشل میڈیا ویب سائٹس پر دکھائی دی ہیں، جن میں نیٹو اور امریکہ کی جانب سے یوکرین کو دی جانے والی عسکری مدد کی تفصیلات درج ہیں۔ تاہم بعض امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ دستاویزات ممکنہ طور پر جعل سازی کے ذریعے ردوبدل کے ساتھ جاری کیے گئے ہیں، جو غلط معلومات پھیلانے کی روسی مہم کا حصہ ہو سکتے ہیں۔

امریکی محکمہ انصاف کے ایک ترجمان نے کہا کہ ہم نے محکمہ دفاع کے ساتھ اس موضوع پر رابطہ کیا ہے اور تفتیش شروع کر دی ہے۔ ہم اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتا سکتے۔ادھر پیٹاگون کی ترجمان سبرینا سنگھ نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس معاملے پر محکمہ دفاع کی ایک داخلی تفتیش بھی جاری ہے۔نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تین مختلف امریکی عہدیداروں نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ اس لیک کے پیچھے روس یا روس نواز عناصر ہو سکتے ہیں۔یہ دستاویزات 23 فروری 2023 سے یکم مارچ 2023 کے درمیانی عرصے کے ہیں۔ ان پر سیکرٹ لکھا دیکھا جا سکتا ہے۔ ان دستاویزات میں یوکرین کو دی جانے والیفوجی ساز و سامان اور آلات کی تفصیلات درج ہیں۔ عموماً امریکی حکام عوامی طور پر اس بارے میں تفصیلات اتنی باریکی سے نہیں دیتے۔ تاہم ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر روئٹرز کو بتایا کہ ان دستاویزات میں تحریف کی گئی ہے اور روسی فوجیوں کی ہلاکت کم کر کے بتائی گئی ہے۔

ان دستاویزات میں درج ہے کہ یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے اب تک 16 ہزار سے ساڑھے 17 ہزار روسی فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں، جب کہ امریکی حکام کے مطابق اس جنگ کے آغاز سے اب تک دو لاکھ روسی فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔یوکرینی حکام نے خفیہ عسکری معلومات افشاء ہو جانے کے اس معاملے پر قدرے دھیمے انداز سے بات کی ہے۔ یوکرینی خفیہ ادارے کے ترجمان اندری یوسوف نے ایک یوکرینی ٹی وی سے گفتگو میں کہاکہ حالیہ دہائیوں میں ایک چیز ہمیں یاد رکھنا چاہیے۔ روس کی خفیہ سروسز سب سے کامیاب آپریشن فوٹوشاپ پر کرتی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس مواد کا ابتدائی معائنہ کرنے پر ہم دیکھتے ہیں کہ یہ جھوٹ پر مبنی ہیں، ان میں اطراف کے نقصان سے متعلق اعداد و شمار کو تبدیل کیا گیا ہے، جب کہ اس معلومات کا کچھ حصہ دستیاب معلومات سے لیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button