سہارن پور ، 12 اگست:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) اتر پردیش میں انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے سہارنپور سے جیش محمد اور تحریک طالبان پاکستان سے وابستہ ایک دہشت گرد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اے ٹی ایس کے مطابق مبینہ طور پر محمد ندیم جیش محمد اور تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں سے براہ راست رابطے میں تھا۔ اے ٹی ایس ٹیم نے محمد ندیم کے قبضے سے ایک موبائل اور دو سم کارڈز اور متعدد قسم کی آئی ڈیز برآمد کی ہیں۔ نیز مبینہ طور پر بم بنانے سے متعلق اشیاء بھی برآمد ہوئی ہیں۔گرفتارشخص سے اے ٹی ایس ٹیم پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
اے ٹی ایس کے دعویٰ کے مطابق محمد ندیم نے مبینہ طور پر قبول کیا ہے کہ پاکستان کی دہشت گرد تنظیم کے دہشت گردوں نے اسے نوپور شرما کے قتل کا ٹاسک بھی دیا تھا۔محمد ندیم نے پوچھ گچھ کے دوران بتایا کہ اسے پاکستان میں سرگرم جیش محمد اور تحریک طالبان کے دہشت گردوں کی جانب سے خصوصی تربیت کے لیے پاکستان بلایا جا رہا تھا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ اس سے پوچھ گچھ میں اور بھی کئی بڑے راز کھل سکتے ہیں۔



